جرائم و حادثات

برقعہ پہن کر غیر مسلم خاتون نے جیولری شاپ میں ڈکیتی کی کوشش کی – مرچ پاؤڈر اور چاقو کا استعمال

چنئی  –  تاملناڈو کے دارالحکومت چنئی کے کالاڈی پیٹ علاقے میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے اپنے شوہر کو بتائے بغیر قرض لینے کے بعد دباؤ میں آکر زیورات کی دکان لوٹنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس خاتون کی شناخت جیا چترا کے طور پر کی ہے۔

 

پولیس کے مطابق 30 سالہ خاتون نے پہلے سے منصوبہ بنا کر دکان میں داخل ہونے کے لئے برقعہ پہن رکھا تھا تاکہ اپنی شناخت چھپا سکے۔ وہ ایسے ظاہر کر رہی تھی جیسے زیورات خریدنے آئی ہو۔ عینی شاہدین کے مطابق اس نے پہلے دکان دار دیوراج کو مصروف رکھا، پھر اچانک اس کے چہرے پر مرچ پاؤڈر پھینکا اور ایک  چاقو نکال کر دھمکانے کی کوشش کی تاکہ زیورات لوٹ سکے۔

 

تاہم، دکان کے عملے نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پا لیا اور خاتون کو قابو میں کرکے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد دکان دار اور گاہک شدید خوفزدہ ہوگئے تاہم کوئی زیور چوری نہیں ہوا۔

 

کالاڈی پیٹ پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جیا چترا کے خلاف چوری کی کوشش، حملہ اور ہتھیار کے استعمال جیسے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

یہ واقعہ علاقے کے جیولری تاجروں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے اور اب کئی دکان دار اپنے سیکیورٹی انتظامات کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button