جنونی عاشق نے سرعام لڑکی پر فائرنگ کردی

ہریانہ کے فریدآباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک لڑکے نے لڑکی پر اُس وقت سرعام فائرنگ کر دی جب وہ لائبریری سے گھر واپس جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام پیش آیا اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ لڑکا ایک موٹربائیک کے قریب کھڑا انتظار کر رہا ہے، اسی دوران لڑکی جو بارہویں جماعت کی طالبہ ہے فون پر بات کرتی ہوئی سڑک کے دوسری طرف سے گزر رہی ہے۔ اچانک لڑکا اس کے قریب جاتا ہے اور اس پر گولی چلا دیتا ہے، جس سے اردگرد موجود لوگ خوف کے مارے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں جبکہ لڑکی درد سے کراہتی نظر آتی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی لڑکی کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے اور اس کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا لڑکا لڑکی کا جاننے والا ہے اور ابھی تک فرار ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔تحقیقات کرنے والے عہدیداروں نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی جو ایک خانگی کالج میں زیرِ تعلیم ہے اس کے بائیں بازو اور کندھے پر گولی اور چھرّوں کے زخم آئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزم نے اپنی دیسی ساختہ پستول موقع پر ہی پھینک دی اور موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔ اسے گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی کئی ٹیمیں دھاوے کررہی ہے۔
انسپکٹر شمشیر سنگھ، ایس ایچ او (سٹی بلبھ گڑھ پولیس اسٹیشن)، نے بتایا کہ زخمی لڑکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس لڑکے کو تقریباً ایک سال سے جانتی تھی کیونکہ وہ بھی لائبریری میں مطالعہ کے لیے آتا تھا۔
تاہم، تقریباً دو ہفتے قبل اس نے اس سے بات چیت بند کر دی تھی، جس پر وہ ناراض ہوگیا تھا۔ شاید اسی لئے اس نے اس سے انتقام لینے کی کوشش کی



