30 ہزار کی رشوت میں گرفتاری، کروڑوں کی نقدی برآمد — اوڈیشہ کے مائننگ افسر کے گھر بڑے پیمانے پر دھاوے

نئی دہلی _ ریاست اڈیشہ میں بدعنوانی کا ایک بڑا معاملہ بے نقاب ہوا ہے جس نے سرکاری حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کٹک مائننگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر دیب برت موہنتی کے گھر اور دفتر پر اینٹی کرپشن شعبہ کی کارروائی میں کروڑوں روپے کی غیر قانونی رقم برآمد ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق ایک کنٹریکٹر کی فائل کلیر کرنے کے لیے موہنتی نے 30 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ شکایت موصول ہونے پر ویجیلنس ٹیم نے جال بچھایا اور انہیں دفتر میں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ان کے دفتر کی دراز سے مزید ایک لاکھ بیس ہزار روپے نقد بھی برآمد ہوئے۔
اس کے بعد حکام نے بھونیشور میں واقع ان کے عالی شان فلیٹ سمیت مختلف مقامات پر بیک وقت دھاوے کئے۔ تلاشی کے دوران الماریوں اور بیگوں سے نوٹوں کے انبار برآمد ہوئے۔ گھنٹوں کی گنتی کے بعد تقریباً 4 کروڑ 10 لاکھ روپے نقد ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ویجیلنس حکام کے مطابق یہ اوڈیشہ کی تاریخ میں کسی سرکاری افسر کے پاس سے برآمد ہونے والی سب سے بڑی رقم ہے۔
نقدی کے علاوہ تقریباً 130 گرام سونا، بھونیشور میں دو منزلہ عمارت اور دیگر جائیدادوں سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ اس معاملے میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی مائننگ مافیا کے کردار کے امکان پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دیب برت موہنتی کو گرفتار کر کے ویجیلنس عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس واقعے سرکاری حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے




