بے قابو بس مسافرین پر چڑھ گئی۔ کرناٹک میں دلخراش حادثہ کا ویڈیو وائرل

بنگلورو۔ ریاست کرناتک کے ہاویری شہر کے بس اسٹینڈ پر چہارشنبہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جب ایک بے قابو بس پلیٹ فارم پر انتظار کر رہے مسافروں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ صبح تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور کی تیز رفتاری اور لاپرواہی کو حادثے کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔زخمیوں میں دو سالہ بچہ حضرت علی بھی شامل ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اسے ہبلی کے کے آئی ایم ایس ہاسپٹل میں زیر علاج رکھا گیا ہے
جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



