تلنگانہ

نظام آباد کے طارق انصاری کو کم عمری میں تلنگانہ میناریٹیز کمیشن کے چیئرمین بننے کا اعزاز

علیحدہ تلنگانہ تحریک کے جہد کار طار ق انصاری تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز کمیشن چیرمین نامزد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے احکامات حوالے کئے 

 طارق انصاری ایک بے لوث خدمت کرنے والے سیاست دان ہیں کم عمری میں انہوں نے سیاست کو اختیار کی تھی

نظام آباد:3/ مارچ (محمد یوسف الدین خان نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس)علیحدہ تحریک تلنگانہ کے جہد کار اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قریبی رفقاء میں شمار کئے جانے والے شہر نظام آباد کے بی آرایس پارٹی کے نوجوان قائد طارق انصاری کو ریاستی حکومت نے تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کا چیرمین نامزد کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پرگتی بھون حیدرآباد میں شخصی طور پر اپنے ہاتھوں سے انہیں تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کے احکامات حوالے کئے۔

 

طارق انصاری کے سیاسی سفر کی ایک طویل داستان ہے انہوں نے تلنگانہ تحریک کے آغاز کے موقع پر کئی ایک احتجاجی پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے اپنا ایک اہم رول ادا کیا۔ طارق انصاری کی علیحدہ ریاست تلنگانہ اور تشکیل تلنگانہ کے بعد انہیں ریاستی سطح پر جنرل سکریٹری کے عہدہ پر نامزد کیا گیا تھا۔ ان کا شمار ٹی آرایس پارٹی کے تاسیسی رکن کی حیثیت سے کیا جاتا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ شانہ بشانہ ریاست گیر سطح پر منعقد ہونے والے احتجاجی پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے اپنی ایک منفرد شناخت بنائی تھی۔انہوں نے ریاست میں منعقد ہونے والے انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنا نمایاں رول ادا کیا۔ پارٹی کی جانب سے انہیں جو بھی ذمہ داری تفویض کی جاتی وہ بحسن و خوبی انجام دیتے آرہے ہیں۔

 

ریاست تلنگانہ کے اقلیتوں کے مسائل اور ان کی یکسوئی کے لئے انہوں نے سرگرم رول انجام دیا۔ پارٹی کے پولیٹ بیورو اجلاس میں ان کی شرکت اور ان کی تجاویز کو فوقیت حاصل رہی۔ ٹمریز کے ابتدائی قیام کے موقع پر انہوں نے ضلع نظام آباد میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے طلباء کو داخلوں کے سلسلہ میں رائے عامہ کو ہموار کیا۔

 

یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ طارق انصاری ایک بے لوث خدمت کرنے والے سیاست دان ہیں کم عمری میں انہوں نے سیاست کو اختیار کیا وہ نظام آباد کے خلیل واڑی محلے کے باعزت انصاری خاندان کے چشم چراغ ہیں ان کے والد اختر انصاری مرحوم نظام آباد کے مایہ ناز ایڈووکیٹ تھے۔ جو ملی و فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے تھے۔وہ خود بھی ایک شعلہ بیان مقرر اور دیانتدار شخصیت کے حامل تھے۔ طارق انصاری کے ایک پھوپھا ڈاکٹر سید لیاقت علی مشہور ہارٹ اسپیشلسٹ تھے جو برطانیہ میں مقیم رہے ان کے افراد خاندان میں بیشتر احباب امریکہ میں مقیم ہیں طارق انصاری نے اپنے والد کی وراثت کو سنبھال کر رکھا نظام آباد میں گوتمی ڈگری کالج کے مالک بھی ہیں۔ نظام آباد میں سماجی تعلیمی ملی اور فلاحی سرگرمیوں میں وہ پیش پیش رہے بہت عرصہ قبل انہیں پارٹی کا بڑا عہدہ دیا جانا تھا اور چیف منسٹر نے ان کی خدمات کا بھر پور خیال رکھتے ہوئے انہیں چیرمین تلنگانہ ما ئناریٹی کمیشن نامزد کیاہے۔

 

طارق انصاری کو ریاستی اقلیتی مالیاتی کمیشن کا چیرمین مقرر کئے جانے پر ریاست بھر میں خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء شہر نظام آباد کے سرکردہ بی آرایس پارٹی قائدین ایس اے علیم، نوید اقبال، عمران شہزاد، ببلو خان، حلیم قمر، فہیم قریشی، ثناء اللہ، ڈاکٹر اختر، شیخ علی صابری، رفیق قریشی، محمد رفیع، ایم اے باری، عبدالمتین جوبلی، اکبر حسین کارپوریٹر، سماجی کارکن محمد عبدالعتیق کے علاوہ سینئر جرنلسٹ محمد یوسف الدین خان،اسلم فاروقی ماہر تعلیم، محمد امیرا لدین جرنلسٹ نے طار ق انصاری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button