جرائم و حادثات

پنجاب میں دن دہاڑے خونریزی، عام آدمی پارٹی کے سرپنچ کو شادی کی تقریب میں گولی مار کر قتل

نئی دہلی – 5 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) پنجاب کے ترن تارن ضلع کے والٹوہا گاؤں کے سرپنچ اور عام آدمی پارٹی کے مقامی قائد 50 سالہ جرمَل سنگھ کو اتوار کے روز امرتسر ضلع میں ایک شادی کی تقریب کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ ویرکا بائی پاس کے قریب ایک معروف ریزورٹ میں پیش آیا، جہاں دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

 

حیران کن بات یہ ہے کہ واردات کے وقت اسی مقام پر عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سروَن سنگھ دھن بھی موجود تھے۔ جرمَل سنگھ کا یہ قتل چند ہفتے قبل کبدی کھلاڑی اور پروموٹر کنور دِگ وجے سنگھ عرف رانا بلاچوریا کے قتل کے بعد پیش آیا ہے، جنہیں 15 دسمبر کو موہالی میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران تین حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

 

رانا بلاچوریا کو بھی عوامی مقام پر، متعدد کبدی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی موجودگی میں شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ یہ واقعہ موہالی کے سیکٹر 79 میں سوهانا پولیس اسٹیشن سے محض 300 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا تھا۔

 

پولیس کے مطابق سرپنچ جرمَل سنگھ ہمسایہ گاؤں امرکوٹ کے سرپنچ ہرجیت سنگھ سیری کی بہن کی شادی میں شرکت کے لئے ریزورٹ آئے تھے، اسی دوران حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی، جب کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button