حیدرآباد میں ریو پارٹی۔ خاتون سمیت 7 گرفتار

حیدرآباد: شہر کے گچی باؤلی پولیس اسٹیشن حدود میں ایک ریو پارٹی پر پولیس نےدھاوا کیا اور سات افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کونڈا پور کے ایک اپارٹمنٹ میں ریو پارٹی منائی جا رہی ہے۔ اس اطلاع پر گچی باؤلی پولیس اور ایگل ٹیم نے مشترکہ کارروائی انجام دی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 20 گرام کوکین، 3 گرام ایم ڈی ایم اے، اور 8 گرام منشیات کی گولیاں ضبط کیں۔ گرفتار شدگان میں تیجا، وکرم، نیلیما، چندن، پُرُشوتّم ریڈی، بھارگو اور راہول شامل ہیں۔ان میں تیجا اور وکرم کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری سے ہے، جبکہ نیلیما، پُرُشوتّم ریڈی اور بھارگو حیدرآباد کے رہنے والے ہیں۔ چندن اور راہول کا تعلق بنگلورو سے ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ یہی دونوں افراد منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے۔
پولیس نے مزید انکشاف کیا کہ سال 2023 میں گوا میں منعقد کی گئی ایک ریو پارٹی میں یہ تمام ملزمین شریک ہوئے تھے جو راجامہندری علاقے کے نائب تحصیلدار مندیپ کی میزبانی میں منعقد ہوئی تھی۔ ایگل ٹیم اس کیس میں مندیپ کے ممکنہ تعلقات کی چھان بین کر رہی ہے۔