راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، 14 کروڑ روپے مالیت کی ہائیڈروپونک گانجہ ضبط

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کسٹمز حکام نے ایک بار پھر بڑی کامیاب کارروائی انجام دی ہے، جس سے ہوائی اڈوں کے ذریعہ جاری غیر قانونی منشیات کی منتقلی پر کاری ضرب لگی ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق آج صبح انٹرنیشنل ارائیولز ٹرمینل پر اچانک تلاشی مہم کے دوران تقریباً 14 کروڑ روپے مالیت کی انتہائی قیمتی ہائیڈروپونک گانجہ ضبط کی گئی۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب قطر سے قطر ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے حیدرآباد پہنچنے والے دو مسافروں کی حرکات پر کسٹمز اہلکاروں کو شبہ ہوا۔
شبہ کی بنیاد پر دونوں مسافروں کو الگ کر کے ان کے سامان کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ جدید اسکیننگ آلات کے ذریعے جب بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس کے اندر خفیہ خانوں میں بڑی مہارت کے ساتھ چھپائے گئے گانجے کے پیکٹس برآمد ہوئے۔ بعد ازاں وزن کرنے پر معلوم ہوا کہ ضبط شدہ منشیات کی مقدار 14 کلوگرام ہائیڈروپونک گانجہ ہے، جس کی عالمی منڈی میں قیمت تقریباً 14 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
کسٹمز حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ حکام اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا اس اسمگلنگ کے پیچھے کوئی منظم بین الاقوامی نیٹ ورک سرگرم ہے یا نہیں۔ تفتیش کے دوران مزید گرفتاریاں عمل میں آنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



