جرائم و حادثات

حیدرآباد میں ملاوٹ شدہ پنیر کھووا اور ڈیری پروڈکٹس کی فروخت کا پردہ فاش

حیدرآباد: کمشنر ٹاسک فورس خیرت آباد زون ٹیم نے ایف ایس او بی۔ ساہتی (جی ایچ ایم سی سرکل نمبر 40، کواڑی گوڑہ) کے تعاون سے سکندرآباد کے گنج بازار، مہانکالی مندر کے قریب (مہانکالی پولیس اسٹیشن حدود) میں اچانک دھاوے کیے۔

 

کارروائی کے دوران ٹیم نے 6 ہول سیل اور ریٹیل دکانوں پر چھاپے مار کر 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان میں جے پال سنگھ راجپروہت، ویبھو کولاریا، نریش کولاریا، پریم انیل ویاس، رام کشور کولاریا اور لکشمی نارائنا کولاریا شامل ہیں۔

 

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمین نامعلوم ذرائع سے بڑی مقدار میں ملاوٹ شدہ اور غیر صحت بخش پنیر اور دیگر دودھ کی مصنوعات حاصل کر کے انہیں 280 روپے فی کلو کے حساب سے معیاری پنیر کے نام پر ہوٹلوں، کیٹرنگ سروسز اور عام صارفین کو فروخت کر رہے تھے اور غیر قانونی طور پر بھاری منافع کما رہے تھے۔

دھاوے کے دوران پایا گیا کہ تیار شدہ پنیر کھلے پلاسٹک تھیلوں میں رکھا گیا تھا جو گرد و غبار، مکھیوں اور دیگر آلودگی کے زیر اثر تھا جس کی وجہ سے یہ انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ تھا۔ مزید یہ کہ مصنوعات پر نہ برانڈ نام درج تھا نہ تیاری اور معیاد ختم ہونے کی تاریخ اور نہ ہی کسی قسم کا پیسٹ کنٹرول ریکارڈ موجود تھا۔

 

پولیس نے یہاں سے جملہ مالیت: 11,11,600 روپے

کی پنیر: 2572 کلوگرام

کھووا: 927 کلوگرام

وائٹ کریم: 249 کلوگرام

گھی: 12 کلوگرام

اجمیرا قلاقند: 132 کلوگرام ضبط کرلیا۔

 

ملزمین حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں ہوٹلوں، ہول سیل اور ریٹیل دکانوں کو بڑی مقدار میں ملاوٹ شدہ دودھ کی مصنوعات فراہم کر رہے تھے اور اس کے ذریعے غیر قانونی منافع حاصل کر رہے تھے۔

 

گرفتار ملزمان کو ضبط شدہ سامان کے ساتھ مزید کارروائی کے لیے ایس ایچ او، مہانکالی پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button