جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں روڈی شیٹرس کے گھروں کی اچانک تلاشی

 

حیدرآباد کے پرانے شہر میں روڈی شیٹرس کے گھروں کی اچانک تلاشی

حیدرآباد ۔ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کو سخت پیغام دیتے ہوئے ڈی سی پی چارمینار زون کرن‌کھرے آئی پی ایس کی قیادت میں چارمینار زون پولیس نے ہفتہ کے رات  رؤڈی شیٹرس کے گھروں پر بیک وقت بڑے پیمانے پر اچانک تلاشی مہم انجام دی۔

 

اس کارروائی کا مقصد امن و امان کی برقراری کو یقینی بنانا اور سماج دشمن سرگرمیوں پر مؤثر قابو پانا بتایا گیا ہے۔اس خصوصی مہم میں تقریباً 300 پولیس ملازمین نے حصہ لیا۔ ہر پولیس اسٹیشن سے دو انسپکٹرس پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن کی نگرانی متعلقہ اے سی پیز کر رہے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق رین بازار پولیس اسٹیشن حدود میں میرچوک کے اے سی پی شیام سندر، انسپکٹر نیتاجی، ڈی آئی نعیم الدین، سب انسپکٹرس اور خواتین اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں نے متعدد رؤڈی شیٹرس کے مکانات کی جامع تلاشی لی۔

 

جن افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی ان میں عمر خان، عارف خان، غوث الدین، خلیل الدین، سعید الدین اور جعفر حسین شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران مہلک ہتھیاروں، گانجہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی تلاش کی گئی، تاہم کسی بھی مقام سے کوئی غیر قانونی سامان برآمد نہیں ہوا۔

 

بعد ازاں ڈی سی پی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ چارمینار زون میں تقریباً 90 سے زائد رؤڈی شیٹرس کے گھروں پر بیک وقت تلاشی مہم چلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ’کارڈن اینڈ سرچ‘، ’آپریشن کاوچ‘ اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ مستقل جاری رکھا جائے گا۔

 

مزید بتایا گیا کہ آئندہ دنوں میں دن اور رات کے اوقات میں اچانک تلاشی مہم کے ساتھ رؤڈی شیٹرس کی کونسلنگ بھی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ڈائل 100 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button