تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں دوہرے قتل کی سنسنی خیز واردات

نظام آباد/25 اگست (اردو لیکس) نظام آباد ضلع کے ماکلور منڈل کے دھرمورا (اے) گاؤں میں دو افراد کے بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی۔
نظام آباد نارتھ رورل سرکل انسپکٹر سرینیواس کے مطابق، مقتول جی پرساد، جو نظام آباد شہر کے گوتم نگر کا رہنے والا تھا اور پہلے بھی سرقہ کی وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے، اپنے ایک دوست کے ساتھ دھرمورا گاؤں میں اپنی ایک جان پہچان والی خاتون کے مکان گیا تھا۔ وہاں خاتون کے رشتہ داروں اور پرساد کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران لاٹھیوں اور راڈوں سے حملہ کیا گیا۔
اس حملے میں پرساد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو فوری طور پر سرکاری دواخانہ نظام آباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
پولیس نے قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی نارتھ رورل سرکل انسپکٹر سرینیواس اور ماکلور سب انسپکٹر راج شیکھر نے موقع کا معائنہ کیا۔ حالات کے پیش نظر گاؤں میں پولیس پیکٹ تعینات کردیا گیا ہے۔