گولکنڈہ میں سنسنی خیز اغوا ناکام: سابق میاں بیوی گرفتار، چار سالہ بچی بحفاظت بازیاب
حیدرآباد کی گولکنڈہ پولیس نے برق رفتار کارروائی کرتے ہوئے چار سالہ معصوم بچی کے اغوا کے معاملے کو صرف چوبیس گھنٹوں میں حل کرکے سابق میاں بیوی سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا اور بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔
واقعہ 21 نومبر کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب شیخ مزمل اور نزہت فاطمہ کی 4سالہ بیٹی صفیہ بیگم گھر کے قریب سے لاپتہ ہو گئی۔ والدہ نے معمول کے مطابق بچی کو گھر بھیجا مگر کافی دیر تک واپس نہ آنے پر گولکنڈہ پولیس سے شکایت درج کروائی گئی۔
پولیس نے شکایت موصول ہوتے ہی واقعہ کے مقام اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں ایک برقعہ پوش خاتون اور آٹو ڈرائیور کو بچی کے ساتھ جاتے دیکھا گیا۔ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر پولیس نے 9 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر تفتیش تیز کر دی
۔ چھان بین کے دوران انکشاف ہوا کہ اغوا کی سازش میں سمرین بیگم (22) اور محمد فیاض (24) ملوث تھے جو طلاق کے باوجود ساتھ رہ رہے تھے اور مالی مشکلات کی وجہ سے بچی کو بھیک منگوانے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے
۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے بچی کو صالح نگر کنچ سے اغوا کیا اور آٹو کے ذریعے سمرین کے گھر میں چھپا دیا تھا۔ تیز کارروائی کے نتیجے میں بچی کو نہ صرف تلاش کر لیا گیا بلکہ اسے کسی نقصان کے بغیر والدین کی تحویل میں دے دیا گیا جس پر گھر والوں نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔



