ہاسپٹل کے آئی سی یو میں مریضہ کے ساتھ جنسی زیادتی۔ راجستھان میں شرمناک واقعہ

نئی دہلی: بی جے پی زیر اقتدار ریاست راجستھان کے ضلع الور میں واقع ای ایس آئی سی میڈیکل کالج کے آئی سی یو وارڈ میں ایک 32 سالہ خاتون کے ساتھ ہاسپٹل کے نرسنگ اسٹاف میں شامل ایک
شخص نے جنسی زیادتی کی۔ یہ شرمناک واقعہ 4 جون کی رات پیش آیا جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ملزم نے متاثرہ خاتون کو نشہ آور انجکشن دیا اور اس کے بعد زیادتی کی۔ زیادتی کے بعد متاثرہ خاتون اپنے شوہر کو پکارنے لگی جس پر عملے نے فوراً اُس کے شوہر کو اندر بُلایا لیکن انجکشن کے اثر کی وجہ سے وہ کچھ بول نہ سکی اور بے ہوش ہوگئی۔
صبح ہوش میں آنے پر اُس نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی اطلاع اپنے ارکان خاندان کو دی جنہوں نے فوراً ہاسپتل انتظامیہ سے شکایت کی تاہم انتظامیہ نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ متاثرہ خاتون کے شوہر نے اپنی شکایت میں کہا کہ انتظامیہ کے سامنے ہی ملزم نے اُن سے معافی مانگی۔
بعد ازاں متاثرہ خاتون کے شوہر نے معاملہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے رجوع کیا اور اس کے بعد متاثرہ کی طبی جانچ کی گئی اور اُس کا بیان قلمبند کیا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ
لینے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔