جرائم و حادثات

شوہر کے قرض چکانے کی خاطر سافٹ ویئر انجینئر بنی چور ، آدھے گھنٹے میں پولیس کے ہاتھوں لگ گئی – حیدرآباد کے مضافات میں واقعہ

Representive image

حیدرآباد _  ایک شادی شدہ خاتون اپنے شوہر کے لیے خود کو چور بننے پر مجبور ہو گئی۔ شوہر کے لئے لیے گئے قرض کی ادائیگی کی خاطر اس نے چین اسنیچنگ کا راستہ اختیار کیا، لیکن سافٹ ویئر کی ملازمت کا تجربہ رکھنے والی یہ خاتون واردات میں ناکام رہی اور صرف آدھے گھنٹے کے اندر پولیس کے ہاتھوں لگ گئی۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میڑچل میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات اس طرح ہیں

 

تفصیلات کے مطابق میڑچل ضلع سے تعلق رکھنے والے راجیش نے دو سال قبل ورنگل کی رہنے والی انیتا ریڈی سے پسند کی شادی کی تھی۔ انیتا ریڈی ماضی میں سافٹ ویئر ملازمہ رہ چکی ہیں، تاہم فی الحال وہ گھر پر ہی مقیم تھیں۔ اس دوران شوہر نے ان کی دیکھ بھال اور گھریلو ضروریات کے لیے تقریباً 5لاکھ روپے تک کا قرض لے لیا، جس کے باعث وہ مسلسل پریشانی میں مبتلا رہنے لگا۔

 

شوہر کی یہ حالت دیکھ کر انیتا ریڈی برداشت نہ کر سکیں اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ شوہر کے لیے لیے گئے قرض کو وہ خود ہی کسی نہ کسی طرح ادا کریں گی۔ جلدی اور آسانی سے رقم حاصل کرنے کی نیت سے انہوں نے چوری کی راہ اپنانے کا فیصلہ کیا۔

 

اسی سلسلے میں اس  نے میاں پور کی رہنے والی کملا نامی خاتون کے گلے سے چین چھیننے کی کوشش کی۔ لفٹ میں سفر کے دوران جب انیتا ریڈی نے چین اسنیچنگ کی کوشش کی تو متاثرہ خاتون نے زور زور سے چیخ و پکار شروع کر دی۔ اس پر گھبرا کر انیتا ریڈی وہاں سے بھاگ نکلیں، تاہم ان کے ہاتھ صرف آدھا تولہ کالا موتیوں کا ہار ہی آ سکا۔

 

متاثرہ خاتون کی شکایت پر صنعت نگر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔ لفٹ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے محض آدھے گھنٹے کے اندر ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button