جائیداد کے لئے والدین کو ستانے والے بیٹے کو ایک ماہ کی جیل- تلنگانہ کے جگتیال میں واقعہ

تلنگانہ کے جگتیال شہر میں جائیداد اپنے نام کرنے کے لئے والدین کو ستانے والے بیٹے کو ایک ماہ کی جیل کی سزا
جگتیال: والدین کی خدمت و دیکھ بھال سے غفلت برتتے ہوئے، ان کی جائیداد اپنے نام رجسٹر کرنے کے لیے مسلسل ہراساں کرنے والے بیٹے کو عدالت نے سخت سزا سنائی ہے۔ جگتیال فرسٹ ایڈیشنل مجسٹریٹ شری نجا کوہیکار نے جمعرات کو فیصلہ سناتے ہوئے ملزم رمیّش کو ایک ماہ کی سادہ قید اور 500 روپے جرمانہ عائد کیا۔
تفصیلات کے مطابق جگتیال شہر سے تعلق رکھنے والی ستیہ وتی اور برہما نندم کے بیٹے رمیّش نے طویل عرصے سے ضعیف والدین کی دیکھ بھال نہ کرتے ہوئے، ان کے نام پر موجود رہائشی مکان کو اپنے نام منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ اس رویّہ سے تنگ آکر خاتون ستیہ وتی نے گزشتہ دنوں جگتیال ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔
پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات مکمل کیں اور ثبوتوں کے ساتھ چارج شیٹ عدالت میں پیش کیا۔ تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد عدالت نے والدین کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں ذہنی اذیت دینے کے جرم میں رمیّش کو سزا سنائی۔
عدالتی فیصلے کو والدین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



