جرائم و حادثات

بیٹے نے رقم نہ دینے پر ماں کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی – تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں واقعہ

 

تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے کنٹا پلی گاؤں میں ہفتہ کی صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں بیٹے نے مبینہ طور پر رقم نہ دینے پر اپنی ماں کو زندہ جلانے کی کوشش کی۔ ملزم ایم ستییش نے اپنی 50 سالہ ماں ونودھا پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماں اور بیٹے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی،

 

جس کے بعد بیٹے نے انتہائی سفاکانہ قدم اٹھایا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر آگ بجھائی اور خاتون کو شدید زخمی حالت میں ایم جی ایم اسپتال، ورنگل منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق وہ 85 فیصد جھلس چکی ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔

 

ہاسپٹل میں زیر علاج خاتون نے ہوش میں آنے کے بعد مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں واضح طور پر بتایا کہ ان کے بیٹے نے ہی ان پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

 

خاتون کے مطابق ستییش اکثر پیسے کے لیے جھگڑا کرتا تھا اور جائیداد کی تقسیم کو لے کر بھی اس میں شدید ناراضگی پائی جاتی تھی۔ متاثرہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

واقعہ کے بعد  ہی ملزم فرار ہوگیا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ کی بنیادی وجہ جائیداد کا تنازعہ معلوم ہو رہی ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ گاؤں والوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سزا دی جائے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button