تلنگانہ کے تانڈور میں بھائی نے بھائی کا قتل کر دیا، مکان کے تنازعہ پر خونی واردات
تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں واقع مانک نگر علاقہ میں اتوار کی دوپہر مکان کے تنازعہ پر پیش آئے جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ اس دوران بڑے بھائی محسن نے اپنے چھوٹے بھائی رحمان پر چاقو سے بے رحمانہ حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کر دیا۔
مقامی افراد کے مطابق مکان کے معاملے میں رحمان رکاوٹ بن رہا تھا، جس پر دونوں بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور پھر خونی واردات میں تبدیل ہو گئی۔ حملے میں شدید زخمی ہونے والے رحمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کر دیا گیا اور ملزم بھائی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔



