سوشل میڈیا کے ذریعہ نابالغ لڑکی کو بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیو شیئر کرنے کا واقعہ – تلنگانہ کے عادل آباد میں 8 نوجوانوں پر مقدمہ

سوشل میڈیا کے ذریعے نابالغ لڑکی کو بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیو شیئر کرنے کا واقعہ – 8 نوجوانوں پر مقدمہ
عادل آباد،22/جون(اردو لیکس) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے گڈی ہتنور اور ایچوڑہ پولیس نے سی آئی بی راجو کی قیادت میں "شی ٹیم” کے تعاون سے ایک حساس مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا۔ جس میں ایک نابالغ لڑکی کو سوشل میڈیا کے ذریعے فریب دے کر، بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیو کال کروانے اور ویڈیو کو ساتھی نوجوانوں میں شیئر کرنے کا الزام آٹھ ملزمان پر عائد کیا گیا ہے۔
پولیس نے متاثرہ کے والد کی شکایت پر "پوکسو” (پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکشول آفینسز) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔اے ایس پی اوٹنور کاجل سنگھ (آئی پی ایس) کے مطابق، ایک نابالغ لڑکے نے متاثرہ لڑکی سے بچپن کی دوستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس سے رابطہ قائم کیا
۔ موبائل فون کے ذریعے چیٹ کے بہانے نزدیکی بڑھائی گئی، بعد ازاں اسی چیٹ کو بنیاد بنا کر لڑکی کو دھمکی دی گئی کہ اگر وہ نازیبا ویڈیو کال نہ کرے تو ان پیغامات کو اس کے والدین اور عوام کے سامنے لایا جائے گا۔خوف زدہ لڑکی نے ملزم کے دباؤ میں آ کر ویڈیو کال کی، جسے خفیہ طور پر ریکارڈ کیا گیا۔ بعد ازاں یہ ویڈیو ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ شیئر کی، جنہوں نے اسے ایک دوسرے کے درمیان پھیلایا۔
اس عمل سے متاثرہ لڑکی کو شدید ذہنی اور جذباتی صدمہ پہنچا۔گڈی ہتنور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آٹھ ملزمان کے خلاف "پوکسو” ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ان میں دو نابالغ اور چھ بالغ افراد شامل ہیں۔ مقدمے کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے نابالغوں کو جیوینائل کورٹ میں پیش کیا گیا، جبکہ بالغ ملزمان کو عدالتی حراست میں بھیجا گیا۔اے ایس پی کاجل سنگھ نے کہا کہ بچوں کے خلاف اس قسم کے جرائم کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا
۔ مجرم چاہے نابالغ ہو یا بالغ، قانون اپنا کام کرے گا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو نہ صرف ذہنی اذیت میں مبتلا کیا بلکہ اس کے ساتھ غیراخلاقی اور جنسی طور پر ہراساں کرنے جیسے سنگین اقدامات بھی کیے۔ اے ایس پی کاجل سنگھ نے بتایا کہ عادل آباد کی شی ٹیم خواتین کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے

۔ ایس پی کاجل سنگھ (آئی پی ایس) نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بلا جھجھک "شی ٹیم” کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ شی ٹیم ہیلپ لائن نمبر: 8712659953،والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں،بالخصوص سوشل میڈیا اور موبائل کے استعمال پر۔ بچوں کے طرز عمل، دوستوں، اور آن لائن مشغولیات پر توجہ دینا آج کے دور میں بے حد ضروری ہو گیا ہے تاکہ ایسے واقعات کی پیش بندی ممکن ہو۔