تلنگانہ کے آرمور ٹاؤن میں اشتعال انگیز بیان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، مختلف مسلم تنظیموں کی پولیس میں شکایت

آرمور ٹاؤن میں اشتعال انگیز بیان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، مسلم تنظیموں کی سی آئی سے ملاقات
تلنگانہ کے نظام آباد ضلع کے آرمور ٹاؤن میں مبینہ زہر افشانی پر مبنی بیان کے خلاف مسلم تنظیموں اور عوامی نمائندوں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ آرمور مرکزی کمیٹی تنظیم المسلمین، مجلس پارٹی اور مسلم کونسلرس و نمائندہ کونسلرس پر مشتمل ایک وفد نے آرمور پولیس اسٹیشن کے سی آئی ستیہ نارائن گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے ونود کمار کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں تحریری یادداشت پیش کی۔
اس موقع پر آرمور مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و نمائندہ کونسلر محمد ظہیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی پُرامن فضا کو خراب کرنے اور گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر ایسے بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے قانون و امن کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران آرمور کے مقامی مسلمانوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی اور انہوں نے انتظامیہ سے فوری انصاف کی امید ظاہر کی۔




