جرائم و حادثات

بی ار ایس امیدوار کے حامیوں پر ٹریکٹر چڑھانے سے 5 افراد زخمی – تلنگانہ کے کاماریڈی ریڈی ضلع میں نو منتخبہ سرپنچ کے بھائی کا سیاسی انتقام

کاماریڈی کے سومارپیٹ میں انتخابی دشمنی خونی رخ اختیار کر گئی، بی آر ایس لیڈر کے حامیوں پر ٹریکٹر چڑھا دیا گیا

 

تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے سومارپیٹ گاؤں میں پنچایت انتخابات کے بعد سیاسی کشیدگی اس قدر بڑھ گئی کہ معاملہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ سرپنچ انتخابات میں شکست کھانے والے بی آر ایس امیدوار بالاراجو کی خیریت معلوم کرنے ان کے مکان کے سامنے جمع گاوں والوں پر نومنتخب سرپنچ کے بھائی نے ٹریکٹر چڑھا دیا، جس کے نتیجہ میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ سومارپیٹ سرپنچ کے عہدے کے لئے کانگریس کی تائید سے پاپیا اور بی آر ایس کی  سے بالاراجو مدِمقابل تھے۔ اتوار کو منعقدہ انتخابات میں پاپیا نے 49 ووٹوں کی واضح برتری سے کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کے بعد انہوں نے پٹیل چیروو مندر میں دعوت کرنے کی منت کی  تھی۔ اسی سلسلے میں  کھانے پینے کے سامان کے انتظام کے لئے انہوں نے اپنے بھائی چرنجیویلو کو کھیت میں موجود ٹریکٹر لانے کی ہدایت دی۔

 

اتفاق سے ٹریکٹر جس راستے سے گاؤں کی طرف آ رہا تھا، وہیں شکست خوردہ امیدوار  بالاراجو کا گھر واقع ہے، جہاں  صبح بڑی تعداد میں گاؤں والے ان کی خیریت دریافت کرنے کے لئے جمع تھے۔ اسی دوران ٹریکٹر پر سوار چرنجیویلو لوگوں کے ہجوم کو دیکھ کر شدید غصے میں آ گیا۔

 

الزام ہے کہ اس نے اپنے بھائی کے خلاف کام کرنے کا شکایت دل میں رکھتے ہوئے ٹریکٹر تیز رفتاری سے بھیڑ پر چڑھا دیا۔ خواتین کی چیخ و پکار اور منت سماجت کے باوجود وہ نہ رکا، بلکہ ٹریکٹر کو ریورس کر کے دوبارہ لوگوں کو کچلنے کی کوشش کی۔ بالآخر ٹریکٹر ایک دیوار سے ٹکرا کر رک گیا، ورنہ جانی نقصان کا خدشہ مزید بڑھ سکتا تھا۔

 

اس دلخراش واقعہ میں بھارتی،  بالماں، پدما ، شاردا اور گنجی آدھوک شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی کی ریڑھ کی ہڈی اور کمر کو شدید چوٹ پہنچا، جبکہ بالماں کا بایاں ہاتھ ٹریکٹر کے ٹائر کے نیچے آنے سے بری طرح کچل گیا۔ ابتدائی طور پر زخمیوں کو ایلاریڈی کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، بعد ازاں حالت بگڑنے پر انہیں بہتر علاج کے لئے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔

 

واقعہ کے بعد مشتعل گاؤں والوں نے حملہ آور کو پکڑ کر اس کی پٹائی کی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچنے والی پولیس نے حالات پر قابو پاتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی

 

۔ اس واقعہ کے بعد سومارپیٹ گاؤں میں شدید خوف و ہراس اور تناؤ کی کیفیت برقرار ہے، جبکہ پولیس کی اضافی جمعیت تعینات کر دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button