گایوں کو نشہ آور انجکشن دے کر چوری کرنے والے مہاراشٹرا کے 6 ملزمین گرفتار، پولیس کمشنر نظام آباد کا بیان

نظام آباد، 22 مئی (اردو لیکس): تلنگانہ کی نظام آباد پولیس نے مہاراشٹرا کے ایک ایسے گروہ کو گرفتار کرلیا جو گایوں کو نشہ آور انجکشن دے کر انہیں گاڑیوں کے ذریعے منتقل کرتے ہوئے چوری کر رہا تھا
۔ پولیس کمشنر نظام آباد جناب سائی چیتنیا کی ہدایت پر سی سی ایس انسپکٹر سریش نے اپنی ٹیم — یادگیری، سبھاش، نیلیش اور نریش — کے ساتھ ناندیڑ میں دو روزہ قیام کے دوران اس 6 رکنی ٹولی کو گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمین، جن میں سید عمر، سید امیر، عبدالکلام، سید شعیب (ساکنان ناندیڑ)، اور سمیر علی قریشی و محبوب (ساکنان ممبئی، مہاراشٹرا) شامل ہیں، نظام آباد کمشنریٹ کے حدود میں گایوں کو چوری کر کے ایک اینووا گاڑی میں منتقل کر رہے تھے۔ وہ جانوروں کو پہلے نشہ آور انجکشن دیتے، پھر گاڑی کے ذریعے غیر قانونی طور پر لے جاتے۔
پولیس کے مطابق، ملزمین ایک اینووا گاڑی استعمال کر رہے تھے جس پر جعلی نمبر پلیٹ نصب تھی، اور اس پر "پولیس” اور "پریس” کے جعلی اسٹیکر بھی چسپاں کیے گئے تھے۔ پولیس نے گاڑی کو ضبط کرلیا ہے۔
مزید تفتیش کے لیے تمام گرفتار شدگان کو دیگلور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔