لڑکیوں کے باتھ روم میں کمیرہ نصب کرنے والے اسکول اٹینڈر کو معطل کردیا گیا
تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے گنگادھرا منڈل کے کُرِکیالہ سرکاری اسکول میں پیش آئے سنسنی خیز اور شرمناک واقعہ کے ملزم کو خدمات سے معطل کردیا گیا ہے ہے۔ اسکول کے اٹینڈر محمد یعقوب باشاہ نے لڑکیوں کے باتھ روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق، یعقوب باشاہ گزشتہ دو برسوں سے ویڈیوز اور تصاویر بنا رہا تھا۔ وہ اسکول میں ہونے والے مختلف پروگراموں کی تصاویر بھی لیتا تھا، بعد ازاں مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے طالبات کی ان تصاویر کو فحش انداز میں مورف کرتا اور انہیں بلیک میل کر کے جنسی طور پر ہراساں کرتا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ 6 طالبات اس کی شیطانیت کا نشانہ بنی ہیں۔
تقریباً ایک ہفتہ قبل چند طالبات نے باتھ روم میں ایک مشکوک آلہ دیکھ کر اپنے والدین کو اطلاع دی۔ معاملہ فوری طور پر حکام کے علم میں آیا، جس کے بعد تحقیقات کی گئیں۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزم یعقوب باشاہ کے خلاف POCSO ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے اُسے معطل کرتے ہوئے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔



