بچوں کو اخلاق سکھانے والے ہاتھ خون آلود – ٹیچر بیوی نے عاشق ٹیچر کے ساتھ مل کر شوہر کا گلا گھونٹ دیا : تلنگانہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ
حیدرآباد _ جن ہاتھوں میں بچوں کا مستقبل، جن زبانوں پر اخلاقیات، سچائی اور کردار کے سبق ہوتے ہیں، جب وہی ہاتھ خون سے رنگے نکلیں تو یہ صرف ایک قتل نہیں بلکہ پورے سماج، تعلیمی نظام اور استاد جیسے مقدس پیشہ کا قتل ہوتا ہے۔تلنگانہ کے ناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ میں پیش آیا یہ واقعہ ایک ایسی ہی شرمناک داستان ہے، جو استاد کے نام بد نما داغ ہے
اچم پیٹ کے ماروتی نگر کالونی میں 25 نومبر کو38 سالہ لکشمن نائک کی مشتبہ موت نے سب کو چونکا دیا۔ بظاہر ایک خاموش اور معمولی واقعہ نظر آنے والا یہ کیس دراصل ایک سفاک سازش نکلا۔ مقتول کے بھائی شری رام کی شکایت پر جب پولیس نے تفتیش شروع کی تو سچ کی تہہ در تہہ پرتیں کھلتی چلی گئیں۔
تفتیش میں معلوم ہوا کہ مقتول کی بیوی 30 سالہ پدما، جو ایک سرکاری ٹیچر ہے اور بچوں کو نیکی، تہذیب اور کردار کا درس دیتی ہے، خود ایک سال سے اخلاق باختہ زندگی گزار رہی تھی۔ وہ 2024 ڈی ایس سی کے ذریعہ منتخب ہو کر اوپننتھلا منڈل کے بٹوکڈی پلی تانڈہ پرائمری اسکول میں پڑھا رہی تھی۔ اسی منڈل کے تاڈور پرائمری و اپر پرائمری اسکول کا سرکاری استاد 36 سالہ گوپی اس کا ناجائز ساتھی تھا۔
لکشمن نائک، جو پہلے رنگا ریڈی ضلع کے ایک گروکل اسکول میں کنٹریکٹ ٹیچر رہ چکے تھے، بیوی کی ملازمت کے بعد اچم پیٹ آ کر بے روزگار ہو گئے تھے۔ شوہر کی موجودگی ان ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہی تھی، اس لئے دونوں سرکاری اساتذہ نے وہ قدم اٹھایا جس کا تصور بھی روح کو لرزا دیتا ہے۔
24 نومبر کی رات، جب شوہر گہری نیند میں تھا، اسی بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اس کے منہ اور ناک پر کپڑا رکھ کر دم گھونٹ دیا۔ ایک انسان کو سوتے میں مار دینا، وہ بھی اپنے ہی شریکِ حیات کو، یہ صرف قتل نہیں بلکہ انسانیت کی انتہا درجے کی بے حرمتی ہے۔
اس سنگ دل قتل کے بعد بھی پدما کا مکروہ چہرہ سامنے آیا۔ صبح وہ ایک ذمہ دار سرکاری ملازم کا روپ دھار کر اسکول پہنچی، فون پر شوہر کی خیریت سے لاعلمی کا ڈرامہ کیا، اور دوپہر میں گھر آ کر چیخ و پکار کر کے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اسے کچھ معلوم نہیں۔
پولیس کی باریک تفتیش، کال ڈیٹیلز اور شواہد نے سچ کو ننگا کر دیا۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ قتل کے فوراً بعد پدما نے اپنے رشتہ دار نرسِمھا کو فون کر کے ساری حقیقت بتا دی تھی۔ اچم پیٹ کے سرکل انسپکٹر ناگراجو کی قیادت میں پولیس نے دونوں قاتل اساتذہ کو گرفتار کر لیا۔
چہارشنبہ کو دونوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جونیئر سول کورٹ کے جج نے 14 دن کی عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جو لوگ کل تک بچوں کو سبق پڑھا رہے تھے، آج وہ سلاخوں کے پیچھے اپنی ہی بدکرداری کا حساب دے رہے ہیں۔

مہلوک لکشمن نائک



