حیدرآباد میں رشوت خور بیوی کو شوہر نے ہی پکڑا دیا _ گھر میں چھپائے گئے نوٹوں کے بنڈل کی شوہر نے جاری کردی ویڈیو

حیدرآباد _ 9 اکتوبر ( اردولیکس) ایک شوہر نے اپنی رشوت خور بیوی کی بدعنوانی کو بے نقاب کر دیا۔یہ عجیب و غریب واقعہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے منی کونڈا میں پیش آیا۔جہاں مَنی کونڈا میونسپلٹی میں بطور ڈی ای ای (ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر) کام کرنے والی اپنی بیوی کی روزانہ کی رشوت خوری سے تنگ آکر، شوہر نے یہ قدم اٹھایا۔ بیوی روزانہ لاکھوں روپے رشوت کے طور پر گھر لاتی تھی، جس پر شوہر برداشت نہ کر سکا۔ اس نے اپنی بیوی کو کئی بار کرپشن چھوڑنے کی نصیحت کی، لیکن جب وہ باز نہ آئی، تو اس نے خود اس کی بدعنوانی کو دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔
منی کونڈا میونسپلٹی کی ڈی ای ای دیویا جیوتی کافی عرصے سے کرپشن میں ملوث تھی۔ وہ مختلف کاموں کے لیے اپنے دفتر آنے والے افراد سے رشوت مانگتی اور کنٹریکٹرز سے بھاری کمیشن وصول کرتی تھی۔ وہ روزانہ لاکھوں روپے گھر لے کر آتی اور ان کو مختلف جگہوں پر چھپا دیتی تھی۔ شوہر شریپاد نے جب دیکھا کہ اس کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہو رہا، تو اس نے اپنی بیوی کی غیر قانونی کمائی کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا۔
شریپاد نے اپنی بیوی کے چھپائے ہوئے پیسوں کی ویڈیوز بنائیں اور اسے سوشل میڈیا پر جاری کر دیا۔ اس ویڈیو میں رشوت سے حاصل کیے گئے رقومات کے بنڈل دکھائے گئے ہیں، جو بیوی کی بدعنوانی کے ثبوت کے طور پر پیش کیے جا رہے ہیں۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور دیویا جیوتی کی کرپشن کے انکشاف پر لوگ شدید حیران اور ششدر ہیں۔