جرائم و حادثات

اپنے ہی گھر میں چوری۔ حیدرآباد میں نوجوان گرفتار

ضحیدرآباد: چکڑپلی پولیس نے اپنے ہی مکان میں چوری کے ایک مقدمے کا پردہ فاش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شکایت کنندہ نے خود ہی اپنے گھر میں چوری کر کے پولیس اور ارکان خاندان کو گمراہ کیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت بھاسکر پرمود عمر (32 سال)، ساکن الیکیہ اسٹیٹ، چکڑپلی کے طور پر ہوئی ہے جو بے روزگار ہے۔ ملزم نے 9 فروری 2026 کو رات تقریباً 10:30 بجے اپنے بھائی کے ذریعے اطلاع دی کہ نامعلوم افراد نے ان کے پینٹ ہاؤس میں گھس کر سونے اور چاندی کے زیورات چوری کر لیے ہیں۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئیں۔

 

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک سونے کی چین، چھ چوڑیاں، دو انگوٹھیاں، ایک چاندی کی پلیٹ (تقریباً 500 گرام) اور دو چاندی کے پیالے (تقریباً 60 گرام) چوری ہوئے ہیں۔ تاہم تفتیش کے دوران پولیس کو شواہد مشکوک محسوس ہوئے جس پر گہرائی سے تحقیقات کی گئیں۔

 

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے پرتعیش زندگی گزارنے کے لیے قرض لیا تھا اور 2024 سے گھر کے سونے کے زیورات چوری کر کے مختلف مالی اداروں میں رہن رکھوا رہا تھا۔ اس نے چوری شدہ زیورات HDFC، SBI اور موتھوٹ فنانس میں رہن رکھ کر تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار روپے حاصل کیے۔

 

پولیس کے مطابق جب ملزم کے بڑے بھائی کی شادی طے ہوئی اور گھر والے دادی کے زیورات استعمال کرنے کا ارادہ ظاہر کرنے لگے تو ملزم گھبرا گیا اور چوری کا ڈرامہ رچانے کا منصوبہ بنایا۔ اس نے کچھ زیورات اپارٹمنٹ کے دوسرے بلاک میں چھپا دیے اور چند خالی ڈبے اور تالے موسیٰ نالہ میں پھینک دیے تاکہ واردات کو حقیقی ثابت کیا جا سکے۔

 

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے دو سونے کی انگوٹھیاں (تقریباً 3 تولے)، ایک چاندی کی پلیٹ، دو چاندی کے پیالے اور سونے کے تین زیورات کی رہن رسیدیں (کُل تقریباً 80 گرام) برآمد کر لی گئیں۔ برآمد شدہ مالیت تقریباً 12 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

 

پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button