کریم نگر میں ایک اپارٹمنٹ کے دو فلیٹس میں سرقہ کی سنگین واردات

حیدرآباد ۔ریاست تلنگانہ کریم نگر کے ایک اپارٹمنٹ میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی۔شِیوانگر میں واقع وجئے منوہر ہیونس اپارٹمنٹ کے دو فلیٹس سے تقریباً 35 لاکھ روپے مالیت کے سونے، چاندی کے زیورات کے علاوہ نقدی اور دیگر سامان کی چوری کرلی گئی ۔
آدھی رات دو بجے کے وقت تین افراد نے یہاں نظر رکھ کر چوری کی واردات انجام دی جو سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی۔پولیس کے مطابق، پہلی منزل پر سندیپ نامی شخص کے گھر سے تقریباً 60 ہزار روپے نقد رقم، 12 تولے سونا، 80 تولے چاندی، لیپ ٹاپ وغیرہ ملا کر تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کیا گیا۔
چوتھی منزل پر کِشٹیا نامی شخص کے فلیٹ سے 8.3 تولے سونا، چاندی کے زیورات اور تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا سامان سارق اٹھا لے گئے۔ٹو ٹاؤن سی آئی سروجن ریڈی موقعِ واردات پر پہنچ کر مقدمہ درج کیا۔ سی آئی نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے۔



