تلنگانہ کے جگتیال میں ماں کی جانب سے تین سالہ بچے پر بہیمانہ تشدد

جگتیال۔ تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں رونما ایک دلخراش واقعہ نے عوام میں برہمی کی لہر پیدا کردی ہے جہاں ایک خاتون نے اپنی معصوم تین سالہ اولاد کو بے رحمی سے زدوکوب کیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابقمتاثرہ بچے پر مذکورہ خاتون کافی عرصہ سے ظلم کر رہی تھی تاہم حالیہ واقعہ اُس وقت منظرِ عام پر آیا جب محلہ والوں نے بچے پر ہونے والے تشدد کو موبائل فون میں ریکارڈ کیا اور پولیس میں شکایت درج کروائی۔
ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کی شناخت "رما” کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے معصوم بچے کو تھپڑوں لاتوں اور گھونسوں سے مار رہی ہے۔ اہلِ محلہ کے مطابق یہ تشدد روز کا معمول بن چکا تھا۔ متاثر کن قدم اٹھاتے ہوئے پڑوسیوں نے ثبوت اکٹھا کر کے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔
واقعہ کی اطلاع پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے ادارے "سکھی سنٹر” کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچے کو ماں کی تحویل سے لے کر حفاظتی مرکز منتقل کر دیا۔
مزید معلومات کے مطابق رما کا شوہر انجنیلو بیرونِ ملک دبئی میں ملازمت کی تلاش میں مقیم ہے۔ پولیس نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔