جرائم و حادثات

جیل سے دو ریمانڈ قیدی جیل وارڈن پر حملہ کے بعد فرار

انکاپلّی ضلع کی سب جیل سے دو ریمانڈ قیدی فرار، جیل وارڈر پر حملہ

 

آندھرا پردیش کے انکاپلّی ضلع کے چوڑاورم سب جیل سے جمعہ کی شام دو ریمانڈ قیدی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق قیدیوں نے جیل وارڈر پر ہتھوڑے سے حملہ کرتے ہوئے ان کے پاس موجود چابیاں چھین لیں اور مرکزی دروازہ کھول کر بھاگ نکلے۔ اس واقعہ سے جیل میں سنسنی پھیل گئی۔

 

فرار قیدیوں میں ایک کی شناخت آلوری سیتا رام راجو ضلع کے اننت گیری منڈل کے ٹوکوڑو پنچایت سکریٹری نکا روی کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو سرکاری پنشن فنڈ میں خرد برد کے الزام میں 25 اپریل کو گرفتار ہوا تھا۔

 

دوسرا قیدی بیجاوڑا رامو ہے جو متعدد سرقہ کے مقدمات میں ملوث ہے۔ اسے جولائی میں مڑوگل پولیس نے سونے کی چوری کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔ دونوں کو ریمانڈ پر سب جیل میں رکھا گیا تھا۔

 

جمعہ کی شام جیل کے کچن میں کام کے لئے  دونوں قیدیوں کو سیل سے باہر نکالا گیا۔ اسی دوران روی کمار نے کچن میں موجود ہتھوڑا اٹھاکر ڈیوٹی پر مامور وارڈر بی۔ ویر راجو پر حملہ کردیا۔

 

وارڈر زخمی ہوکر گرپڑا تو قیدیوں نے چابیاں چھین لیں اور گیٹ کھول کر فرار ہوگئے۔ یہ پورا منظر جیل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں سب جیل پہنچیں اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ زخمی وارڈر ویر راجو کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے۔

 

ضلعی ایس پی توہن سنہا نے رات میں سب جیل کا دورہ کیا اور عملہ سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور مفرور قیدیوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button