جرائم و حادثات

بیوہ خاتون سے شادی کروانے کا جھانسہ،حیدرآباد میں 2 چالباز خواتین گرفتار

حیدرآباد، 21 مئی: مہانکالی پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک شخص سے لاکھوں روپے ہتھیانے والی دو شاطر خواتین کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت 65 سالہ سرسوتی ساکن ضلع کرشنا (آندھرا پردیش) اور 40 سالہ سواتی ساکن کتہ گوڑم کے طور پر کی گئی ہے۔

 

پولیس کے مطابق دونوں خواتین بیواؤں کے رشتے فراہم کرنے کے بہانے معمر اور تنہا افراد کو نشانہ بنایا کرتی تھیں۔ یہ خواتین "میریج بیورو” کے نام سے اخبارات میں خصوصی اشتہارات شائع کرواتیں جس کے ذریعہ وہ اعتماد حاصل کرتی تھیں۔

 

متاثرہ شخص جو ضلع مدھیرا سے تعلق رکھتا ہے اس نے گزشتہ سال اکتوبر میں اشتہار دیکھنے کے بعد ان سے رابطہ کیا۔ ملزم خواتین نے اسے ایک بیوہ خاتون سے ملوانے کا وعدہ کیا جسے دلسکھ نگر کی ایک لاج میں دکھایا گیا۔ متاثرہ شخص نے خاتون کو پسند کر لیا جس کے بعد دونوں خواتین نے شادی کی تیاریوں کے بہانے اسے سکندرآباد اسٹیشن کے قریب لے جا کر 1.77 لاکھ روپے کی خریداری کروائی اور پھر اچانک لاپتہ ہو گئیں۔

 

انہوں نے اپنے فون بند کر دیے اور کسی بھی قسم کا رابطہ ختم کر دیا۔متاثرہ شخص نے فوری طور پر مہانکالی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ تاہم خواتین کے پاس کوئی واضح شناخت یا تصویر نہ ہونے کے باعث ان کی گرفتاری ممکن نہ ہو سکی۔ پولیس نے مسلسل تفتیش کے بعد بالآخر دونوں ملزم خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ ان خواتین نے اس سے قبل بھی کئی افراد کو اسی انداز میں دھوکہ دیا ہو۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button