جرائم و حادثات

تلنگانہ کے میٹ پلی ٹاؤن سے اغوا دو سالہ لڑکا بازیاب _ اغواء کار گرفتار ؛ ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا کیا تھا معاہدہ

جگتیال _ 14 اگست ( اردولیکس) تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے مٹ پلی ٹاون میں منگل کو اغواء ہونے والے دو سالہ بچے کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر بازیاب کرلیا۔اور بچہ کو اس کے والدین کے حوالے کرتے ہوئے اغوا کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔جس کی شناخت ابراہیم پٹنم منڈل کے اماں اکاپیٹ کے رہنے والے ناگیش کی حیثیت سے ہوئی ہے

 

تفصیلات کے مطابق منگل کی دوپہر مٹ پلی ٹاون کے دوباکا واڑہ میں رہنے والے راجو کے دو سالہ بچے کا اس وقت ایک نامعلوم شخص نے اغواء کرلیا جب اس کی پانچ سالہ بہن اسے گود میں لے کر گھر سے باہر نکلی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ پلسر گاڑی پر آنے والا شخص ان کا تعاقب کیااور لڑکی سے بات کرنے کے بعد اس کے ہاتھ میں 20 روپے تھمادیئے اور اسے کچھ خریدنے کے لئے دکان بھیج دیا۔ لڑکی اپنے گود میں موجود 2 سالہ بھائی کو سڑک پر اتارکر دکان چلی گئی۔ اس کے فوری بعد نامعلوم شخص نے بچے کو گاڑی پر بٹھاکر فرار ہوگیا۔ لڑکی جب دکان سے واپس آئی تو اس کا بھائی اور نامعلوم شخص غائب تھے۔اس نے بھائی کی کافی تلاش کی لیکن اس کا کوئی پتہ نہیں چلا۔ اس کے بعد لڑکی نے گھر والوں کو اس کی اطلاع دی۔

 

بچے کی ماں نے پڑوسیوں کی مدد سے پولیس کو اس کی اطلاع دی اور پولیس نے محلہ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جس میں ایک بلیک پلسر گاڑی پر ایک شخص کو دیکھا گیا جس کے منہ پر ماسک لگا ہوا تھا جو ان کا تعاقب کررہا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کے فوٹیج میڈیا کو جاری کردیئے اورچند گھنٹوں میں یہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔ اس دوران ایک شخص کی جانب سے پولیس کو دی گئی اطلاع پر پولیس نے چہارشنبہ کو صبح اغواء کرنے والے کو پکڑلیا اور اس نے بتایا کہ بچہ کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت کرنے کے لئے اس نے ہی اغواء کیا تھا۔

 

اغوا کیس کی تحقیقات کے لیے میٹ پلی ڈویژن پولیس نے 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی اور ملزم کا سراغ لگانے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی گئی۔جگتیال ایس پی نے بتایا کہ میٹ پلی ڈی ایس پی اوما مہیشور راؤ کی قیادت میں پولیس کی چھ ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور انھوں نے اغوا کے معاملے کو حل کیا، پریس کانفرنس میں میٹ پلی سی آئی نرنجن ریڈی، کورٹلہ سی آئی سریش، سی سی ایس سی آئی لکشمی نارائنا، میٹ پلی، ابراہیم پٹنم، ملاپور ایس آئی چرنجیوی، انیل، کرن کمار، راجو موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button