اب 2 سالکی بچی بھی محفوظ نہیں۔ جودھپور میں درندگی کی انتہا کا واقعہ

نئی دہلی: ریاست راجستھان کے جودھپور میں دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا ، جودھپور کے دیو نگر تھانہ علاقے میں دو سال کی معصوم بچی کی عصمت ریزی کی گئی اوراس کے بعد درندہ صفت ملزم نے لڑکی کو مندر کے پاس پھینک دیا اوروہاں سے فرارہوگیا۔
متعلقہ اے سی پی انیل کمار نے کہا کہ لڑکی کا خاندان جودھ پور میں بھیک مانگ کر گزارہ کرتا ہے۔ یہ لوگ مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہیں۔ واقعہ کی شام لڑکی کے ماں باپ مندر کے باہر بھیک مانگنے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے جب کہ وہ اپنی بیٹی کو ان کی جھونپڑی میں چھوڑ گئے تھے۔ ممکن ہے کہ اس دوران ملزم اسے چاکلیٹ یا ٹافیاں کھلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا ہو اور جرم کا ارتکاب کیا ہو۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح معمول کے مطابق ترکاری فروخت کرنے والی ایک خاتون جب مندر کے قریب پہنچی تو اس نے لڑکی کو وہاں خون میں لت پت پڑا ہوا دیکھا۔
خاتون نے فوری طور پر متاثرہ کے ماں باپ کو اس بات کی اطلاع دی، موقع پر پہنچنے والے ماں باپ نے بتایا کہ لڑکی رات سے لاپتہ تھی۔ وہ اسے ڈھونڈ رہے تھے لیکن وہ کہیں نہیں ملی۔بعد ازاں پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔