لفٹ مانگ کر ٹو وہیلر اڑا لے گیا نامعلوم شخص – تلنگانہ کے عادل آباد میں چوری کا انوکھا واقعہ

عادل آباد میں انوکھا واقعہ — لفٹ مانگ کر ٹو وہیلر لے اڑا نامعلوم شخص
پولیس نے تصویر جاری کی، اطلاع دینے والوں کے لیے انعام کا اعلان
تلنگانہ کے عادلآباد شہر میں جمعہ کے روز ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص نے بھوک لگنے کا بہانہ بناکر ایک مقامی شخص سے لفٹ لی اور بعد میں اس کی گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق محلہ رام نگر کے ساکن گودوری اشوک، جو میونسپل آفس میں واٹر مین کے طور پر کام کرتا ہے، کے پاس تقریباً 30 سالہ ایک نامعلوم شخص آیا۔ اس نے اشوک سے کہا کہ اسے شدید بھوک لگی ہے اور وہ اسے اپنی ٹو وہیلر پر کھانا کھانے کے لئے لے جائے۔ اشوک نے انسانی ہمدردی کے تحت اپنی گاڑی پر اسے ساتھ لے گیا۔
راستے میں دونوں نے این ٹی آر چوراہے کے قریب شراب کی دکان پر شراب نوشی بھی کی۔ اس کے بعد نامعلوم شخص نے اشوک کو پیچھے بٹھاکر شہر میں چکر لگایا۔ بعد ازاں جب اشوک کو اس کے مکان پر اتار دیا تو وہی شخص ٹو وہیلر لے کر رفوچکر ہوگیا۔
اس واقعہ پر ون ٹاؤن پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار نے بتایا کہ پولیس نے تحقیقات کے دوران گاڑی میں دونوں کی تصویر حاصل کی ہے۔ تصویر میں گاڑی کے اگلے حصے میں بیٹھا شخص چور اور پیچھے بیٹھا شخص گاڑی کا مالک بتایا گیا ہے۔
انسپکٹر نے کہا کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چور کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔