بچوں کے استحصال سے متعلق مواد دیکھنا یا شیئر کرنا سنگین جرم۔ ڈی جی پی

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے بچوں کے استحصال سے متعلق مواد پر نظر رکھنے کےعمل میں مزید سختی پیدا کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تلنگانہ کے ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر انتباہ دیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے تلنگانہ پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کئے جارہےہیں۔ ٹی جی سی ایس بی میں اس سلسلےمیں خصوصی طور پر قائم کیے گئے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے ذریعے سخت کارروائیاں جاری ہیں اور 2025 میں اس معاملہ میں سینکڑوں افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ بچوں کے استحصال سے متعلق مواد دیکھنا، شیئر کرنا، محفوظ کرنا یا اپ لوڈ کرنا سنگین جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ پولیس بچوں کو نشانہ بنانے والے جرائم کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ کر رہی ہے۔
ریاست کےپولیس سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر سائبر جرائم سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوراً شکایت درج کروائی جائے۔



