جرائم و حادثات

دو بچوں کی بیوہ ماں امرین احمد کو فیس بک پر غیر مسلم سے دوستی اور پھر شادی مہنگی پڑی – خاتون 2 کروڑ روپے اور زیوارات سے محروم

دو بچوں کی بیوہ ماں امرین احمد کروڑوں کے دھوکے کی شکار

 

مدھیہ پردیش کے سنگرولی ضلع میں رہنے والی دو بچوں کی بیوہ ماں، امرین احمد ایک بڑے دھوکہ کا شکار ہوگئیں۔ امرین کا الزام ہے کہ اویناش یادو نامی شخص  جس سے ان کی دوستی فیس بُک پر ہوئی تھی اور جس سے انہوں نے شادی کی ؛  نے نہ صرف دھوکہ سے شادی کی بلکہ تقریباً دو کروڑ روپے، زیورات اور حتیٰ کہ ان کی پینشن کا پیسہ بھی ہڑپ لیا۔

 

امرین احمد بنیادی طور پر اترپردیش کے وارانسی کی رہنے والی ہیں اور این سی ایل کرشن شیلا پراجیکٹ میں ملازمت کرتی ہیں۔ شوہر کی موت کے بعد وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔ اسی دوران فیس بُک کے ذریعہ ان کی دوستی غازی پور کے اویناش یادو سے ہوئی۔ تعلقات بڑھے اور بات محبت تک پہنچ گئی۔ فروری 2024 میں دونوں اوڈیشہ گئے اور کورٹ میرج کرلی۔

 

امرین احمد کا الزام ہے کہ شادی کے بعد اویناش نے ان پر ظلم و زیادتی شروع کردی، مارپیٹ کی اور مسلسل  استحصال کرتا رہا۔ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ اویناش پہلے سے شادی شدہ ہے، لیکن اس نے یہ حقیقت شادی سے پہلے چھپائی تھی۔

 

متاثرہ خاتون کے مطابق اویناش نے ان سے تقریباً دو کروڑ روپے، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے لیا۔ اس نے دھوکے سے ان کی پینشن کی رقم بھی اپنے قبضہ میں کرلی۔

 

حالات خراب ہونے پر امرین نے مدھیہ پردیش کے سنگرولی نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی۔ ایف آئی آر کے بعد اویناش یادو اپنے گھر والوں سمیت فرار ہوگیا۔امرین احمد کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی جان کا خطرہ ہے اور انہوں نے پولیس سے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

 

انصاف کی تلاش میں امرین گورکھپور پہنچیں اورچیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے جنتا دربار میں تحریری شکایت پیش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد انہیں انصاف ملنے کی امید بڑھ گئی ہے

 

سنگرولی پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اویناش یادو کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button