نکاح کے 7 دن بعد بیوی نے اپنے غیر مسلم عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا کروایا قتل
بستی – 21 نومبر ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش کے ضلع بستی میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں شادی کے صرف ساتویں دن دلہن رخسانہ نے اپنے غیر مسلم عاشق کے ذریعہ شوہر کا قتل کروا دیا۔
پولیس کے مطابق رنکو سنگھ نامی ملزم نے گھر کے باہر راستہ پوچھنے کے بہانے شوہر انیس کو باتوں میں الجھا کر کچھ فاصلے تک اپنے ساتھ لے گیا اور ماتھے پر پستول سے فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے چند گھنٹوں میں معاملہ کا انکشاف کرتے ہوئے مرکزی ملزم رنکو سنگھ کو گرفتار کر لیا، جبکہ دلہن رخسانہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دونوں کے درمیان دو سال سے ناجائز تعلقات تھے۔
واقعہ بستی ضلع کے بیڈی پور گاؤں میں پیش آیا۔ 25 سالہ انیس ولد شمس الدین ممبئی میں ہائیڈرا کرین چلاتا تھا اور 10 نومبر کو اپنی شادی کے سلسلے میں گاؤں آیا تھا۔ اس کا نکاح 13 نومبر کو گونڈا کی 20 سالہ رخسانہ سے ہوا تھا جو انیس کی خاص پھوپھی کی بیٹی بتائی جاتی ہے
۔ نکاح کے بعد رخسانہ 19 نومبر کو چوتھی کے بہانے میکے چلی گئی۔ اسی دوران اس نے عاشق رنکو سنگھ ولد مکھن لال کَنّوجیہ کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس کے مطابق رنکو سنگھ بستی ہی کا رہائشی ہے اور دونوں کے درمیان تقریباً دو سال سے معاشقہ چل رہا تھا جو شادی کے بعد بھی جاری رہا۔
پولیس کے مطابق رخسانہ نے شوہر کی لوکیشن اور سرگرمیوں کی مکمل معلومات عاشق کو فراہم کیں۔ جمعرات کی شام انیس اپنے گھر کے باہر چہل قدمی کر رہا تھا کہ اسی دوران رنکو سنگھ ایک کم عمر ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر پہنچا۔
اس نے راستہ پوچھنے کا بہانہ بنایا اور باتوں میں لگا کر اسے کچھ فاصلے تک لے گیا۔ موقع پا کر اس نے ماتھے پر پستول تان کر قریب سے گولی مار دی۔ گولی سر کے اندر پیوست ہوگئی جس کے باعث زخمی کے سر پر بیرونی نشان واضح نہیں تھا اور آس پاس موجود لوگوں کو گولی چلنے کی آواز بھی سنائی نہیں دی۔
زخمی انیس کو فوری طور پر شری رام ہاسپٹل ایودھیا لے جایا گیا جہاں سے اسے میڈیکل کالج منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹر اسے بچا نہ سکے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کے قریب موجود لوگوں سے پوچھ تاچھ کر کے شبہ کی بنیاد پر تفتیش شروع کی۔ جمعرات کی دیر رات ملزم رنکو سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی سختی پر رنکو ٹوٹ گیا اور اس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قتل کی پوری کہانی بیان کر دی۔ پولیس نے اس کے کم عمر ساتھی کو بھی گرفتار کیا ہے اور اسے عدالتی کارروائی کے لیے چائلڈ جسٹس بورڈ میں پیش کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر رخسانہ نے پولیس کے سامنے بیان دیا کہ اسے قتل کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی اور گولی چلنے کا علم واقعہ کے وقت ہی ہوا۔ اس نے کہا کہ رنکو سنگھ اس کا عاشق ضرور ہے مگر اس نے اسے اعتماد میں لے کر قتل نہیں کیا۔ تاہم تفتیش کے دوران موبائل ریکارڈنگ، لوکیشن ڈیٹا اور چیٹ تفصیلات سامنے آنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ رخسانہ سازش میں برابر کی شریک ہے اور قتل کے لئے بنیادی معلومات اسی نے فراہم کیں۔
انیس کے والد شمس الدین کے مطابق وداعی کے دن بھی کچھ نامعلوم افراد نے انیس کی کار روک کر اسے راستے میں دھمکایا تھا، تاہم گھر والوں نے اس وقت کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا۔ پولیس کے مطابق معاملے میں ذاتی رنجش یا ازدواجی تنازعہ کے بجائے واضح طور پر معاشقہ اور شادی سے ناپسندیدگی کا زاویہ سامنے آیا ہے جس کی بنیاد پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔ واقعہ دو مختلف مذاہب کے افراد کے درمیان ہونے کی وجہ سے گاؤں میں امن و امان کے پیش نظر اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
ایس پی بستی ابینندن نے میڈیا کو بتایا کہ قتل کے مرکزی ملزم رنکو سنگھ کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے قتل میں استعمال ہونے والا دیسی پستول، کارتوس اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ رخسانہ سے مزید پوچھ تاچھ جاری ہے اور اس کے خلاف قتل کی سازش، معاونت اور جرم پر اکسانے کی دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے




