جرائم و حادثات

نند کو 1500 روپے عیدی دینے پر بیوی کا جھگڑا – ارشاد نے بیوی اور دو معصوم بچوں کو زہر دے کر خود بھی زندگی ختم کر لی

اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نعشیں گھر کے اندر سے برآمد ہوئیں۔ یہ واقعہ سول لائن تھانہ حدود کی سروت مدنیا کالونی میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔

 

اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ایک شخص نے پہلے اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں کو زہر دے کر قتل کر دیا، اور اس کے بعد خود پھانسی لگا کر اپنی جان لے لی۔ اس افسوسناک واقعہ سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ خاندان میں کہرام برپا ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ارشاد نامی شخص نے اپنی بہن لالی کو عیدی کے طور پر 1500 روپے دیے تھے، جس پر اس کی بیوی نورین ناراض ہو گئی۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نورین نے اپنی ماں اور دو بہنوں کو بھی گھر بلا لیا، جہاں اسی مسلہ پر ارشاد کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

 

اس واقعہ سے دلبرداشتہ ہو کر ارشاد نے منگل کی رات انتہائی خوفناک قدم اٹھایا۔ اس نے پہلے بیوی نورین، دو سالہ بیٹے آہل اور ایک ماہ کی معصوم بچی اقصیٰ کو کھانے میں زہریلا مادہ دے دیا، اور بعد میں خود پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کمار ورما نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے چاروں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور معاملے کی گہرائی سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

ابتدائی جانچ میں گھریلو جھگڑے کو واقعہ کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی طور پر موت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہوں گی۔ پولیس اسٹیشن انچارج کے مطابق گھر والوں اور پڑوسیوں سے پوچھ تاچھ جاری ہے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button