جرائم و حادثات

کریم نگر میں  بیوی نے یوٹیوب پر دیکھ کر عاشق کے ہاتھوں شوہر کا قتل کروایا

تلنگانہ کے  کریم نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کروا دیا۔

 

تفصیلات کے مطابق 45 سالہ سمپت، کریم نگر میں ایک لائبریری میں سویپر کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنی بیوی رما دیوی، بیٹے اور بیٹی کے ساتھ رہتا تھا۔ رما دیوی سڑک کنارے "سروپِنڈی آٹا ” فروخت کرتی تھی۔ اسی دوران 50 سالہ راجیا نامی شخص سے اس کا تعلق بڑھا، جو بعد میں ناجائز رشتے میں تبدیل ہوگیا۔

 

رما دیوی نے یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر سیکھا کہ کان میں کیڑے مار دوا ڈالنے سے موت ہو سکتی ہے، اور اسی طریقے سے شوہر کو مارنے کا منصوبہ بنایا۔ 31 جولائی کو، رما دیوی، راجیا اور اس کا دوست سرینواس، سمپت کو پارٹی کے بہانے بومّکل فلائی اوور کے قریب لے گئے اور شراب پلائی۔ شراب کے نشے میں جب وہ زمین پر گر پڑا تو راجیا نے اس کے کان میں کیڑے مار دوا ڈال دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

 

بعد میں، رما دیوی نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، اور یکم اگست کو نعش کی شناخت خود کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی اپیل کی، جس پر پولیس کو شک ہوا۔

 

کال ڈیٹا، فون لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے رما دیوی، راجیا اور سرینواس کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ  کی، جہاں انہوں نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے تینوں کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button