رنگ کالا ہونے پر بیوی نے عاشق کے ساتھ ملکر شوہر کا قتل ہی کردیا

نئی دہلی ۔“تم کالے ہو… تم میرے لائق نہیں ہو۔ مجھے تم سے بہتر اور خوبصورت شخص چاہیے” یہ کہتے ہوئے ایک عورت نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو بے رحمی سے قتل کروا دیا۔
یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے دھار میں پیش آیا۔ قتل کے بعد اس نے ایک فلمی کہانی بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کے گھر میں ڈکیتی ہوئی اور چوروں نے اس کے شوہر کو قتل کر دیا لیکن آخرکار تفتیش میں سچ سامنے آ گیا۔
پولیس کے مطابق مدھیہ پردیش کے دھار کا رہنے والا دیوکرشنا پروہت (28) سال پیشہ سے تاجر تھا۔ 7 اپریل کو اسے اس کے اپنے فلیٹ میں قتل کر دیا گیا۔ اس کی نعش پر تیز دھار ہتھیار سے حملے کے نشانات تھے۔مقتول کی بیوی پرینکا پروہت نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم چور گھر میں گھس آئے قیمتی سامان اور ساڑھے تین لاکھ روپے لوٹ کر اس کے شوہر کو قتل کر گئے۔
لیکن پولیس کو شک ہوا اور گہرائی سے تفتیش کرنے پر اصل حقیقت سامنے آ گئی۔ ارکان خاندان کے مطابق کئی تنازعات کے درمیان ہی دیوکرشنا اور پرینکا کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ مقتول کی بہن کے مطابق پرینکا اکثر اپنے شوہر کی توہین کرتی تھی اور کہتی تھی “تم کالے ہو، تم میرے برابر نہیں ہو، مجھے تم سے بہتر اور خوبصورت شخص چاہیے۔”
پولیس نے بتایا کہ پرینکا نے اپنے عاشق کملیش کے قریبی ساتھی سریندر بھٹ کے ساتھ مل کر دیوکرشنا کے قتل کی سازش تیار کی۔ اس کے لیے ایک لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا جس میں سے 50 ہزار روپے ایڈوانس دیے گئے۔
قتل کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے منصوبہ بنایا گیا۔ دروازے توڑ کر اندر سو رہے دیوکرشنا پر سریندر نے تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔ بعد میں تینوں نے مل کر گھر سے قیمتی سامان غائب کر دیا۔ پرینکا نے اپنے زیورات بھی چھپا دیے اور خود کو متاثرہ ظاہر کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں کو رسی سے باندھ لیا۔
جب پولیس نے مقام واردات پر پہنچ کر تفتیش کی تو اس کے زیورات وہیں مل گئے جس سے شک پیدا ہوا۔ مزید پوچھ گچھ میں پرینکا کے جوابات متضاد نکلے جس سے شبہ مزید بڑھ گیا۔ سخت تفتیش کے بعد حقیقت سامنے آ گئی۔
پولیس نے کملیش اور پرینکا کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ سریندر مفرور ہے۔





