جرائم و حادثات

تلنگانہ میں دو نوجوانوں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آ کر ایک خاتون کانسٹیبل نے خودکشی کر لی

تلنگانہ میں دو نوجوانوں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آ کر ایک خاتون کانسٹیبل نے خودکشی کر لی۔

 

ورنگل پولیس کمشنریٹ کے اے آر ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والی انیتا، جو ضلع ورنگل کے پَاروتی گِری منڈل کے سیتیہ تانڈا کی رہنے والی تھیں، مسلسل ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ محبوب آباد ضلع کے تورّور منڈل کے کومّنپَلّی تانڈا سے تعلق رکھنے والے ان کے دور کے رشتہ دار راجندر نے گزشتہ چار برسوں سے شادی کا جھانسہ دے کر انہیں ہراساں کیا، ڈیوٹی کے دوران ویڈیو کال کرنے پر زور دیا اور کسی سے بات نہ کرنے کی پابندی عائد کی۔

 

انیتا کے والدین نے راجندر کے رویہ سے تنگ آکر  اس سے شادی سے انکار کر دیا تھا۔ اسی دوران راجندر کو معلوم ہوا کہ انیتا اپنے دوست جبّار لال سے قریبی تعلق رکھتی ہیں، جس پر اس نے جبّار لال کو فون کر کے انیتا کے بارے میں غلط معلومات دیں۔ اس کے بعد جبّار لال نے بھی انیتا کو ہراساں کرنا شروع کر دیا اور شادی کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا۔

 

ذرائع کے مطابق انیتا نے راجندر کو فون کر کے کہا کہ تم دونوں کی وجہ سے میری زندگی برباد ہو گئی ہے اور مرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، مگر راجندر نے لاپروائی سے جواب دیا۔ اس کے بعد انیتا نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔

 

پولیس نے راجندر اور جبّار لال کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button