تلنگانہ کے شہر نظام آباد میں خاتون کی موت _ شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر ہراسانی کا الزام

نظام آباد:2 / اگست(اردو لیکس)شہر کے VIٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں آٹو نگر کی رہنے والی اسریٰ بیگم کی موت پر مرحومہ کے والدین نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق آرمور شہر کے مامڑی پلی چوراہا کے ساکن گھڑو میاں کی دختر اسریٰ بیگم عمر 28 سال کی نظام آباد شہر کے آٹو نگر کے ساکن سلیمان علی خان کے ساتھ 5 سال قبل شادی انجام پائی۔
دو دن قبل اسریٰ بیگم نے لڑکی کو جنم دیا ، متوفیہ کے ارکان خاندان کا الزام ہے کہ اسریٰ بیگم کے شوہر سلیمان نے بیٹی کی پیدائش پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے جھگڑا کیا۔ پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو مرحومہ اسریٰ بیگم کے والدین نے VIٹاؤن پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے داماد سلیمان اور اس کے ارکان خاندان پر گذشتہ 5 سال سے ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت کرنے پر کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سہ پہر کے وقت اسریٰ بیگم کو دل کا دورہ پڑنے پر ایک خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا جہاں پر وہ انتقال کر گئیں۔
اسریٰ بیگم مرحومہ کی والدہ نے زار و قطار روتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد شہر کے آٹو نگر کے رہنے والے سراج علی خان کے لڑکے سلیمان علی خان سے 5 سال قبل ان کی لڑکی سے شادی کی لیکن شادی کے بعد سے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جارہا تھا، مرحومہ اسریٰ بیگم کے والدین نے زار و قطار روتے ہوئے پولیس سے انصاف دلانے کی اپیل۔ اس معاملے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ مرحومہ اسریٰ بیگم کا شوہر اور سسرالی رشتہ دار فرار بتائے گئے ہیں۔ مرحومہ اسریٰ بیگم کی میت کو آبائی مقام آرمور منتقل کرتے ہوئے بعد نماز جمعہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین عمل میں آئی۔