درندہ صفت خاتون نے اپنی 5 ماہ کی بیٹی کا قتل کردیا۔ تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں دل دہلادینے والی واردات

نظام آباد: ریاست تلنگانہ ضلع نظام آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شراب کی عادی ایک خاتون نے اپنی پانچ ماہ کی معصوم بچی کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھینگل منڈل کے گونگو گوپّا گاؤں کی رہنے والی رمیا نے نشے کی حالت میں اپنی نومولود بیٹی شیوانی کا کمبل منہ پر رکھ کر قتل کردیا۔
رمیا کی شادی دو سال قبل ملیش سے ہوئی تھی جو ایک رائس مِل میں مزدوربتایا گیا ہے۔اس جوڑے کو ایک بیٹی ہوئی تھی جس کا نام محبت سے شیوانی رکھا گیا تھا اور اس کی عمر محض پانچ ماہ تھی۔گھر والوں کا کہنا ہے کہ رمیا شراب کی شدید عادی ہو چکی تھی اور روزانہ نشہ
کیے بغیر رہ نہیں سکتی تھی۔ شوہر ملیش نے کئی بار بیوی کو شراب چھوڑنے اور بچی کی دیکھ بھال کرنے کی تلقین کی لیکن اس پر کوئی اثر نہ ہوا۔ نشے میں دھت رمیا نہ صرف بیٹی کو نظرانداز کر رہی تھی بلکہ آئے دن شوہر سے جھگڑے بھی کرتی تھی۔
اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں بچی کو بخار ہوگیا اور دوا بھی کارگر ثابت نہ ہوئی جس پر دونوں میاں بیوی میں تکرار ہوئی۔ اسی رات رمیا نے مکمل نشے کی حالت میں اپنی بیٹی کے منہ پر کمبل ڈال کر اس کا گلا گھونٹ دیا اور اسے مار دیا۔
رات دیر گئے جب شوہر گھر واپس آیا اور بیٹی کے بارے میں پوچھا تو رمیا نے بہانہ بنایا کہ بچی کو کسی کیڑے نے کاٹ لیا تھا۔ تاہم شوہر کے اصرار پر اُس نے اپنا جرم قبول کر لیا۔
ملیش کی شکایت پر پولیس نے رمیا کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ہے اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نشے کی اس حد تک عادی ہو چکی تھی
کہ اُسے اپنے عمل کا شعور بھی نہیں رہا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بچی کی موت پر ماں کے چہرے پر نہ کوئی پشیمانی ہے اور نہ ہی افسوس۔پولیس نے معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
—