حیدرآباد کے پرانے شہر میں شیخ عامر نامی نوجوان کا قتل
حیدرآباد کے پرانے شہر ایک بار پھر قتل کی وارث پیش آئی جہاں پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع شاہین نگر کے قریب نہدی ہوٹل کے پاس سنسنی خیز قتل کی واردات نے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ہفتہ کی رات دیر گئے نامعلوم حملہ آوروں نے شیخ عامر نامی نوجوان کو انتہائی بے رحمی کے ساتھ نشانہ بناتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
خون آلود نعش سڑک پر پڑی دیکھ کر مقامی افراد میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع واردات پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھا کرتے ہوئے نعش کو تحویل میں لیا۔ بعد ازاں مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے اس دل دہلا دینے والے واقعہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔ ابتدائی جانچ میں پرانی دشمنی یا سابقہ رنجش کو قتل کی ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے
۔ ذرائع کے مطابق شیخ عامر گزشتہ سال جنوری میں مبارک نامی نوجوان کے قتل کیس میں ملوث تھا، جس کے بعد اس کے خلاف روڈی شیٹ بھی کھولی گئی تھی۔ واقعہ نے ایک بار پھر شہر میں گینگ وار اور پرانی دشمنیوں کے خونی انجام پر کئی سوال کھڑے کردیئے ہیں، جبکہ پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات میں مصروف ہے۔



