انشورنس کی رقم کے لئے چھوٹے بھائی تے بڑے بھائی کا کروادیا قتل – تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ
انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لئے اپنے ہی سگے بھائی کو قتل کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے رامڈوگو میں پیش آیا۔
اس گھناؤنے جرم کی تفصیلات کریم نگر کے کمشنر پولیس غوث عالم نے میڈیا کے سامنے بیان کیں۔ رامڈوگو سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ نریش مختلف کاروبار کرتا ہوا ڈیڑھ کروڑ روپے کے بھاری قرض میں پھنس گیا تھا، اور قرض چکانے کا کوئی راستہ نظر نہ آنے پر اُس نے انتہائی سفاک منصوبہ بنایا
۔ نریش کے ذہن میں یہ شیطانی خیال آیا کہ اگر اُس کا بڑا بھائی 37 سالہ وینکٹیش مر جائے تو اس کے نام پر لی جانے والی انشورنس پالیسیوں کی رقم مل سکتی ہے اور قرض ختم ہو جائے گا۔ وینکٹیش ذہنی طور پر غیر مستحکم اور غیر شادی شدہ تھا، جسے نریش نے اپنے منصوبہ کے لئے آسان نشانہ سمجھا۔
اسی مقصد سے نریش نے 4 مختلف انشورنس کمپنیوں سے وینکٹیش کے نام پر 4 کروڑ 14 لاکھ روپوں سے زائد کی انشورنس پالیسیاں لیں، اور اسی نام پر ایکسس بینک سے 20 لاکھ روپے کا گولڈ لون بھی لیا۔
اسے یقین تھا کہ بھائی کی موت کے بعد یہ لون معاف ہو جائے گا اور انشورنس کی رقم اسے مل جائے گی۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نریش نے اپنے دوست راکیش اور ٹپر ڈرائیور پردیپ سے معاملہ طے کر لیا۔ 29 نومبر کی رات، نریش نے ان دونوں کی مدد سے منصوبہ پر اس وقت عمل کیا اور جب وینکٹیش جاکی کھول رہا تھا
، اس پر ٹپر گاڑی چڑھا کر قتل کردیا، تاکہ اسے سڑک حادثہ ظاہر کیا جا سکے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد مقدمہ درج کر کے نعش کا پنچنامہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ ابتدا میں اسے حادثہ تصور کیا گیا لیکن انشورنس کمپنی کے شکوک پر پولیس نے گہرائی سے تحقیقات کی جس پر معلوم ہوا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ منصوبہ بند قتل ہے جس کے جو منگل کے روز تینوں ملزمین نریش، راکیش اور پردیپ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔



