بات چیت بند کردینے پر نوجوان نے محبوبہ کو گولی مار دی اور خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلیا

اترپردیش کے ضلع کَنّوج میں پیر کی علی الصبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک عاشق نے اپنی محبوبہ کو اس کے گھر میں سوتے وقت گولی مار کر قتل کر دیا اور بعد میں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی
، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سورکھ تھانے کے تحت آنے والے کُتھلا گاؤں کا رہائشی 22 سالہ دیوانشو، پڑوس کے گاؤں سلطان پور کی رہنے والی بی ایس سی کی طالبہ دیپتی سے محبت کرتا تھا، دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے تعلقات تھے
، لیکن تقریباً 15 دن قبل دیپتی کے گھر والوں نے اس کی شادی طے کر دی تھی، جس کے بعد دیپتی نے دیوانشو سے بات چیت بند کر دی، اس بات سے دیوانشو شدید غصے اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا۔ پیر کی صبح تقریباً تین بجے دیوانشو نے اپنے والد کی لائسنس یافتہ بندوق لی اور دیپتی کے گھر جا پہنچا، جہاں اس نے سوتی ہوئی دیپتی کے سینے میں گولی مار دی، دیپتی موقع پر ہی دم توڑ گئی،
اس کے بعد دیوانشو گھر سے باہر نکلا اور کچھ دور جا کر خود کو بھی گولی مار لی، جس سے اس کی بھی موت ہو گئی۔ فائرنگ کی آواز سے گاؤں میں کہرام مچ گیا، لوگ گھروں سے باہر نکلے تو دیوانشو کی لاش دیکھ کر سنسنی پھیل گئی،
جبکہ دیپتی کے گھر میں صفِ ماتم مچ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا گیا اور تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ایس پی ونود کمار نے بتایا کہ معاملے کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے، دونوں کی موت کے اس دلخراش واقعہ نے علاقے میں غم اور صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے۔