ایجوکیشن

این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں میں تبدیلی _ آر ایس ایس پر سے پابندی لگائے جانے کے مواد کو حذف کردیا گیا

حیدرآباد _ 5 اپریل ( اردولیکس ڈیسک) نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی نصابی کتابوں میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ 12ویں جماعت کی سیاسیات کی نصابی کتاب میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) پر پابندی سے متعلق کچھ مواد کو حذف کر دیا گیا ۔ ‘گاندھی جی کی موت کا ملک کی مذہبی صورت حال پر جادوئی اثر ہوا’، ‘گاندھی جی کی ہندو مسلم اتحاد کی کوششوں نے ہندو انتہا پسندوں کو اکسایا’ اور ‘آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر کچھ عرصے کے لیے پابندی لگا دی گئی’ جیسے مواد نئی چھپنے والی نصابی کتابوں میں نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات فسادات، مغل راج، ایمرجنسی، سرد جنگ، نکسل تحریک اور عدالتوں سے متعلق نصاب کے کچھ حصے بھی ہٹا دیے گئے۔

دریں اثنا، NCERT 12ویں سماجی نصابی کتاب میں کی گئی تبدیلیوں کی کئی حلقوں سے تنقید کی جا رہی ہے۔ این سی ای آر ٹی نے اس کا جواب دیا۔این سی ای آر ٹی نے اپنی ویب سائٹ میں بتایا کہ کورونا کے پیش نظر طلبہ پر نصاب کا بوجھ کم کرنا لازمی سمجھا گیا تھا ۔ نیز، قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کے مطابق، تمام کلاسوں اور تمام مضامین کی نصابی کتابوں کو ہموار کرنے کے لیے مشق کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 2022-23 کی نصابی کتابوں میں کی گئی یہ تبدیلیاں تعلیمی سال 2023-24 میں بھی جاری رہیں گی۔

 

دوسری طرف این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر دنیش سکلانی نے بھی یہی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال نصاب کو بالکل بھی چھوٹا نہیں کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نصاب کو گزشتہ سال جون میں بہتر  بنایا گیا تھا، اس  دوران نصاب سے غیر متعلقہ اور متنازعہ موضوعات کو نکال دیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button