جنرل نیوز

نوجوان عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر روزگار کے مواقع سے استفادہ کریں

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے سماجی علوم ویبنار سے ساجد معراج کا خطاب

ظہیر آباد(12مئی پریس نوٹ) سماجی علوم کے مضامین سیاسیات‘تاریخ‘معاشیات کے علاوہ سبھی مضامین میں ڈگری کے بعد تعلیم کے بیشتر مواقع دستیاب ہیں۔ ریگولر فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے حصول کے ساتھ نوجوان اگر عصر حاضر کے تقاضوں جیسے کمپیوٹر کی معلومات‘ گفتگو کے فن اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہوں تو وہ ملک و بیرون ملک روزگار کے دستیاب مواقع سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ موجودہ زمانے میں سماجی علوم کے طلباء کے لیے صحافت‘قانون‘تدریس اور آئی اے ایس کے شعبوں میں کافی ترقی کے مواقع ہیں اس کے لیے طلباء کو زمانے کے معیارات پر پورا اترنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار جناب ساجد معراج صاحب کیریر گائڈینس کے ماہر و ماہر تعلیم نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے شعبہ سماجی علوم کے زیر اہتمام منعقدہ ویبنار”سماجی علوم کے ذریعے کیریر سازی‘رجحانات‘امکانات اور وسائل“ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء ڈگری امتحانات کے بعد مختلف یونیورسٹیوں کے پوسٹ گرائجویٹ انٹرنس امتحانات میں شرکت کریں۔ اس ویبنار کی صدارت ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد نے کی۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے طلباء کے لیے ہر قسم کی رہبری کی جارہی ہے پوسٹ گرائجویٹ انٹرنس کے لیے کالج میں کوچنگ بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر محمد غوث صدر شعبہ سیاسیات نے شرکائے ویبنار کا خیر مقدم کیا۔ اور کہا کہ اس ویبنار کا مقصد اردو میڈم طلباء کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے عصری تقاضوں سے واقف کرانا ہے۔اس تقریب سے کالج کے اساتذہ ڈاکٹر رویندر ریڈی وائس پرنسپل‘ محترمہ بدر سلطانہ لیکچرر اکنامکس‘ محمد تنویر لیکچرر تاریخ اور ڈاکٹر عائشہ بیگم نے خطاب کیا۔اس ویبنار میں محبوب نگر نظام آباد سنگاریڈی‘کریم نگر اور دیگر اضلاع کے طلباء و اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button