پروفیسر عرشیہ جبین صدر شعبہ اردو، یونیورسٹی آف حیدرآباد

حیدرآباد، 30/ اگست 2026:یونیورسٹی آف حیدرآباد کے شعبۂ اردو کی سینئر استاد و معروف محقق و نقاد پروفیسر عرشیہ جبین بروز منگل، یکم ستمبر 2026ء سے صدرِ شعبۂ اردو کے منصب پر فائز ہوں گی اور شعبے کی سربراہی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
پروفیسر عرشیہ جبین اردو زبان و ادب کی تدریس و تحقیق کے میدان میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہیں۔ ان کی علمی و تحقیقی خدمات کے علاوہ قومی و بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے متعدد سیمینارز، کانفرنسوں اور ادبی و علمی پروگراموں کے انعقاد میں بھی ان کا فعال کردار رہا ہے۔ وہ متعدد تحقیقی مقالات اور کتابوں کی مصنفہ ہیں اور بڑی تعداد میں تحقیقی اسکالرز کی رہنمائی کر چکی ہیں۔
شعبۂ اردو کے صدر کی حیثیت سے پروفیسر عرشیہ جبین کی تقرری کو شعبے کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ علمی حلقوں کو توقع ہے کہ ان کی قیادت میں شعبۂ اردو کی تدریسی، تحقیقی اور ادبی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور شعبہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی علمی شناخت کو مزید مستحکم کرے گا۔
شعبۂ اردو کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے پروفیسر عرشیہ جبین کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔



