ڈان اسکول میں ساوتھ انڈیا سائنس ڈرامہ فیسٹیول۔ نرو پتنگا ہائی اسکول کو پہلا۔ ڈان اسکول ملک پیٹ کو دوسرا مقام
حیدرآباد۔29 ستمبر (راست)محکمہ اسکولی تعلیم ضلع حیدرآباد کی جانب سے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ضلع سطح کا ساوتھ انڈیا سائنس ڈرامہ فیسٹیول منعقد ہوا۔ اس موقع پر منعقدہ مقابلے میں نرو پتنگا ہائی اسکول کو انعام اول حاصل ہوا۔ ڈان ہائی اسکول کی طالبات نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ ایس سی ای آر ٹی کے ڈائرکٹر کے مطابق بنگلورو میں 14 اور 15نومبر کو ساوتھ انڈیا سائنس ڈرامہ فیسٹیول کا اہتمام ہوگا۔ اس پروگرام میں ریاستی سطح کے انعام اول اور انعام دوم حاصل کرنے والی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ساوتھ انڈیا سائنس ڈرامہ فیسٹیول کے انعام اول اور دوسرا انعام حاصل کرنے والے طلبا قومی سطح پر ہونے والے سائنس ڈرامہ فیسٹیول میں حصہ لیں گے جس کا اہتمام نیشنل کونسل آف سائنس میوزیمس کی جانب سے کیا جائے گا۔ ضلع حیدرآباد کے سائنس آفیسر اسکولی تعلیم مسٹر دھرمیندر نے بتایا کہ طلبا کو پانی کے عالمی بحران، مصنوعی ذہانت اور سماج ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے نمٹنے کے لئے عصری ٹکنالوجی ، صحت و صفائی ، ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات کے موضوعات پر ڈرامے پیش کرنے ہیں ۔ یہ ڈرامے انگلش، ہندی، تلگو یا کسی بھی مسلمہ ہندوستانی زبان میں ہوسکتے ہیں۔ ڈرامے کی مدت ضلع سطح پر 20منٹ اور قومی سطح پر 30منٹ ہوسکتی ہے۔ ڈان اسکول میں ضلع سطح کے سائنس ڈرامہ فیسٹول کے اہتمام کے لئے صدر نشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن خرم نے
مسٹر دھرمیندر اور محکمہ اسکولی تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔ ڈان اسکول کی ٹیم افرا فاطمہ، بشریٰ فاطمہ، نمرہ صدیقی، صدرہ فاطمہ ،کنزہ گوہر ، سیدہ نبیلہ، ام کلثوم، رفیعہ خاتون، سیدہ امیمہ ترابی ، معاویہ صدیقی پر مشتمل تھی۔ پروگرام کی کارروائی 10ویں جماعت کی طالبہ معاویہ صدیقی نے چلائی۔