سعودی عرب – بیوٹی ورلڈ کپ میں سعودی میک اپ آرٹسٹ سارہ التمیمی کی کامیابی

ریاض ۔ کے این واصف
سن 2014 کے بعد سے سعودی عرب میں خواتین کی ترقی یا خواتین کو بااختیار بنانے پر خاصی توجہ دی گئی ہے۔ جس کی مثال مملکت سرکاری اور پرائیویٹ سکٹر میں بڑی تعداد میں ملازمتوں پر معمور ہوناہے۔ اور حال تجارت کے شعبہ میں خواتین کی بڑھتی حصہ داری ہے۔
ایک تازہ خبر کے مطابق سعودی ہیئر اسپیشلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ سارہ التمیمی نے روس میں منعقدہ ورلڈ بيوٹی کپ 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مقابلے میں میں دنیا بھر کے نامور بیوٹی پروفیشنلز کی وسیع تعداد نے شرکت کی۔
سارہ التمیمی نے عالمی سطح پر پانچواں جبکہ ایشیا اور خلیج کی سطح پر بالخصوص ہیئر کلرنگ کے شعبے میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ سارہ التمیمی نے اس کامیابی کو سعودی خاتون کی عالمی محافل میں بھرپور شرکت کی صلاحیت کا ثبوت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سب سعودی عرب کی حالیہ برسوں میں خواتین کو با اختیار بنانے اور مختلف شعبوں میں اُن کی شرکت کے فروغ کے لئے قائم کی گئی وژنری پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
آج سعودی خواتین دنیا کے جدید ترین میدانوں میں تخلیق اور امتیاز کی علامت بن چکی ہیں۔ اگرچہ اس مقابلے میں دنیا کے متعدد ممالک کی درجنوں ٹیموں کے درمیان اعلیٰ معیار کا سخت مقابلہ ہوا لیکن سارہ التمیمی کی کارکردگی کو مقابلے کے صدر جارج کوٹ نے خاص طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عملی طور پر وہ اول مقام کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے عالمی ماہرین کے درمیان اعلیٰ تکنیک کے ساتھ مقابلہ کیا اور 1500 سے زائد شرکاء میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
یہ کامیابی بین الاقوامی محافل میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو مضبوطی سے ثابت کرتی ہے اور عرب و عالمی سطح پر مملکت کے میک اپ شعبے کی ترقی کو اجاگر کرتی ہے۔



