جنرل نیوز

مولانا عبدالعلیم اصلاحی اور مولانا رحیم الدین انصاری کا سانحہ ارتحال _ امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کا اظہار تعزیت

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے اپنے تعزیتی صحافتی بیان میں کہا کہ شہر حیدرآباد کی دو معتبر‘ معزّز و معروف دینی و ملّی شخصیات ایک ہی دن میں اس دارِ فانی سے کوچ کر گئیں اور رفیق اعلیٰ سے جا ملیں۔ دونوں شخصیات گذشتہ طویل عرصہ سے علالت کا شکارتھیں‘ ان حالات کے باوجود ملت کے لئے ان کا جذبہ و دردقابل قدر تھا۔ اور آخر وقت تک انہوں نے ملت اسلامیہ کی علمی و فکری رہنمائی کا کام انجام دیا۔ ملت کے لئے ان کی خدمات بے لوث تھیں۔ اِسی وجہہ سے ملت کے لئے ان کی شخصیات ہمیشہ سے ہی پر کشش رہیں۔ امیر حلقہ نے کہا کہ مولانا عبدالعلیم اصلاحی نے گذشتہ چاردہوں سے ملت اسلامیہ کی دختران کی دینی و اخلاقی تعلیم کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ اُنہوں نے کہا کہ مولانا اصلاحی ایک بے باک‘ حق گو اور با عمل عالم ِ دین تھے اور ہمیشہ دین کی سربلندی کے لئے جد وجہد کر تے رہے۔ اِسی طرح مولانا رحیم الدین انصاری بھی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ اُنہوں نے ایک دینی مدرسہ کے سرپرست اور ساتھ ہی اردو اکیڈمی کے صدر نشین کے طور پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اردو زبان کی فروغ کے لئے بھی مولانا انصاری کی خدمات مثالی رہیں۔ملت کا درد و تڑپ رکھنے والے ان بزرگوں کی رحلت سے حیدرآباد کے مسلمانوں میں شدید غم و رنج پایا جاتاہے۔ اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ اور شہر حیدرآباد کو ان حضرات کا نعم البدل عطا فرمائے ان کی کوششوں کو شرف قبولیت بخشے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button